• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کے عظیم گلوکار و اداکار کشور کُمار کی 32ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

اداکار، گلوکار اور پروڈیوسر کشور کمار کےمداح آج اُن کی32 ویں برسی منارہے ہیں، بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع میں 4 اگست 1929 کو پیدا ہونے والے کشور کُمار 18برس کی عمر میں گلوکار بننے کی خواہش دِل میں لیے مُمبئی پہنچے، تاہم بڑے بھائی اشوک کُمار کے اِسرار پر بطورِ اداکار بالی ووڈ میں قدم رکھا۔

کشور کُمار نے 1951میں بطور ہیرو اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا لیکن اِس فلم سے وہ شائقین کے درمیان اپنی شناخت قائم نہیں کرسکے۔ 1953میں ریلیز ہونے والی فلم ’لڑکی‘ بطور اداکار ان کے کیریئر کی پہلی ہٹ فلم تھی۔

اس کے بعد وہ بطورِ اداکار شائقین کو خوش کرتے رہے، کشور کُمار نے 1964میں فلم ’دور گگن کی چھاؤں میں‘ سے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھا اور ہم دو ڈاکو، دور کا راہی، بڑتی کا نام ڈاڑی، شاباش ڈیڈی، دو وادیوں میں کہیں، چلتی کا نام زندگی اور ممتا کی چھاؤں جیسی کئی فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔

گلو کاری کیلئے کشور کمار کو 8 مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا اور اپنے فلمی کیریئر کے دوران اُنہوں نے 600 سے زائد فلموں میں گانے گائے۔

کشور کمار نے موسیقی کی رسمی تربیت حاصل کیے بغیر زندگی کی آخری سانس تک شائقین موسیقی کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا اور مراٹھی، آسامی، گجراتی، کنڑ، بھوجپوری، اور اڑیہ زبانوں کی فلموں میں بھی اپنی سُریلی آواز سے سامعین کو مسحو ر کیا۔

13 اکتوبر 1987 کو اپنے بھائی اور بالی ووڈ اسٹار اشوک کُمار کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر کشور کُمار دِل کا دورہ پڑنے نے انتقال کر گئے، لیکن ان کی آواز کا بیش بہا خزانہ آج بھی ہمارے درمیان موجود ہے۔

تازہ ترین