• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا کو دوسرے ٹیسٹ میں عبرتناک شکست، سیریز بھارت کے نام

بھارت نے کپتان ویرات کوہلی کی ڈبل سنچری اور بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی اسے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

جنوبی افریقا کو دوسرے ٹیسٹ میں عبرتناک شکست، سیریز بھارت کے نام


پونے میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ 

بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی کے ناقابل شکست 254 رنز اور ماینک اگروال کی شاندار سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 601 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ 

جنوبی افریقا کی ٹیم نہ صرف فالو آن سے بچنے بلکہ سیریز میں رہنے کے دباؤ میں بھی آگئی اور مہمان ٹیم کی وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح بکھرنے لگیں۔ 

روی چندرن ایشون اور امیش یادیو نے کسی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا اور بالترتیب 4 اور 3 وکٹیں حاصل کرکے مہمان ٹیم کو 275 کے مجموعے پر آؤٹ کردیا۔

جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج 72 اور کپتان فاف ڈوپلیسی 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارتی کپتان ویران کوہلی نے جنوبی افریقا کو فالو آن کروایا جو مہمان ٹیم کے لیے پہلی اننگز سے بھی زیادہ بھیانک ثابت ہوا۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقا کی ٹیم صرف 189 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئی اور یوں یہ میچ بھارت نے ایک اننگز اور 137 رنز سے اپنے نام کیا۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ بھارت کی جنوبی افریقا کے خلاف سب سے بڑی فتح ہے۔

اس سے قبل بھارت کی جنوبی افریقا کے خلاف سب سے بڑی  فتح اننگز اور 57 رنز کی تھی جب اس نے 10-2009 کے سیزن میں ایڈن گارڈن کولکتہ کے مقام پر اسے شکست سے دوچار کیا تھا۔ 

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 203 رنز کے بھاری مارجن سے شکست سے دوچار کیا تھا۔ 


تازہ ترین