• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوکا ورلڈ کپ: پاکستان اورسلووینیا کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی

یونان میں جاری  سوکا ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم آج سلووینیا کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

فٹ بال کا دوسرا سب سے بڑا سوکا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز یونان کے شہر کریٹ میں ہوچکا ہے، سکس اے سائیڈ ایونٹ کی افتتاحی رنگارنگ تقریب اتوار کو ہوئی جس میں ورلڈ گروپ کے صدر اور انٹرنیشنل ساکا فیڈریشن کے نائب صدر شاہ زیب ٹرنک والا نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

دنیائے فٹ بال کے بڑے ایونٹس میں ہیڈ ریفریز کے فرائض انجام دینے والے مارک کلینٹن برگ اور انگلینڈ کے ڈائریکٹر فٹ بال اور یورو 2004 ء کی فتح میں نمایاں کردار ادا کرنے والے رون ایٹکنسن بھی شاٹ فارمیٹ کے اس ایونٹ کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

یونان کے شہر کریٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے سوکا ورلڈ کپ میں دنیا کی 40ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستانی فٹ بال شائقین کیلئے ایونٹ کے آغاز سے قبل بڑی خبر یہ ہے کہ سوکا ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے کولمبیا کو 2-1 سے مات دے دی۔

اسٹرائیکر محمد وحید کو عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ وارم اپ میچ کی یہ کامیابی یقیناً قومی ٹیم کے مورال کو بلند کرنے کا باعث بنے گی۔آج سلووینیا کے خلاف میچ شام 4بجے کھیلا جائے گا۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کیون ریوز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ سلووینیا کے خلاف میچ سے قبل کریم کیرائے کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حبیب الرحمٰن، محمد وحید، عفان صدیقی، دانیال مرزا، میران سیفی، محمد علی، شعبان، عرفان خان، علی حیدر، شہاب رضا، یوسف بٹ اور حسن بشیر شامل ہیں۔

سید اسحٰق شاہ، چیف آپریٹنگ آفیسر لیثررلیگز، منیجر زیب خان، اسسٹنٹ منیجر سید شہروز حسن رضوی، کوچ گوہر زمان بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔

پاکستان کو سلووینیا، جرمنی، ہنگری اور رومانیہ کے ساتھ گروپ ’ایچ‘ میں رکھا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 15 اکتوبر کو رومانیہ سے، 16 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن جرمنی سے اور آخری گروپ میچ17 اکتوبر کو ہنگری سے کھیلے گی۔ سیمی فائنلز، تیسری پوزیشن ، پلے آف اور فائنل 20 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں ساکا فٹ بال کے نائب صدر شاہ زیب ٹرنک والا کا کہنا تھا کہ اب شارٹ فارم کی فٹ بال بھی مترادف کرا دی گئی ہے جو کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ سوکا ورلڈ کپ فٹ بال میں کھیلنے والے ممالک کی توجہ بڑھی ہے اور ٹیموں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ پاکستانی ٹیم بھی دنیا کے اس بڑے ایونٹ میں شامل ہے۔ آج ہمارے کھلاڑی دنیا کے ٹاپ اسٹارز کے سامنے پنجہ آزمائی کرتے نظر آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک میں اس کھیل کا دائرہ کار مسلسل بڑھا رہے ہیں اور چھوٹے چھوٹے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں سے کھلاڑی تلاش کرکے انہیں کھیلنے کیلئے عالمی پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں۔ امید ہے اس ایونٹ میں ہماری ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

تازہ ترین