• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بیٹے کیلئےشادی کی، اُسی کیلئے طلاق لے لی‘، حدیقہ کیانی

پاکستان کی صف اوّل کی پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے لیے شادی کی اور اُس ہی کی خاطر شوہر سے طلاق بھی لے لی، جس کے بعد انہوں نے دوبارہ شادی نہیں کی۔

نامور اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ کے پروگرام ’اسپیک یور ہارٹ‘ میں حدیقہ کیانی نے شرکت کی اور اپنی نجی و پروفیشنل زندگی سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2005کے خوفناک زلزلے کے دوران انہوں نے ایدھی فاؤنڈیشن سے ایک بچہ گود لیا تھاجس کا نام انہوں نے ’نادعلی‘ رکھا۔

حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ بچے کو گود لینا اُن کی زندگی کا سب سے حسین تجربہ تھا اور وہ اپنے بیٹے کے لیے بہت حساس ہیں۔ ناد علی کی پرورش میں کوئی کمی نہ رہے اور اُسے باپ کا پیار دینے کے لیے انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور ایک برطانوی تاجر سے شادی کرلی۔

گلوکارہ کا شادی کرنے کا مقصد بیٹے کو باپ کا پیار دینا تھا لیکن بدقسمتی سے اُن کی توقعات پوری نہیں ہوسکیں، جس کے باعث انہوں نے شوہر سے خلع لے لی اور اب وہ اپنی ماں اور بیٹے کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں ۔

حدیقہ نے بتایا کہ ایک مرتبہ نادعلی نے اسکول سے آکر بتایا کہ آج اُس نے ایک لڑکے کو تھپڑ مارا ، پوچھنےپر اُس نے بتایا کہ لڑکے نے اُسے کہا کہ’تمہاری ماں نے تمہیں گود لیا تھا تم اُن کی سگی اولاد نہیں ہو‘ اس پر اُسے غصہ آیا اور اُس نے لڑکے کو مارا۔ اس کے بعد حدیقہ نے اپنے بیٹے کو پوری کہانی بتائی کہ انہوں نے نادعلی کو کب، کہاں سےاور کیوں گود لیا۔

اپنے بچپن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گلوکارہ نے بتایا کہ وہ راولپنڈی میں پیدا ہوئیں تھیں اور تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔ 3 سال کی عمر میں والد کا انتقال ہوگیا تو والدہ نے تینوں بہن بھائیوں کو اپنے بہت قریب رکھا۔ پچھلے 12 سال سے والدہ فالج کی مریضہ ہیں اور بیڈ پر ہیں۔

ثمینہ پیرزادہ کے سوال کہ ’پوپ گاتے گاتے صوفی کی طرف کیسے آئیں؟‘ کے جواب میں حدیقہ نے بتایا کہ وہ 20 سال بعد صوفی کی طرف آئیں ہیں۔ اور ایسے آئیں کہ ایک مرتبہ وہ اور اُن کے بھائی ’لالہ‘ ساتھ سفر کررہے تھے، اس دوران وہ ’کن فیاکن‘ سن رہی تھیں اور مسلسل سنےجارہی تھیں ، اس کے بعد انہیں کوئی دوسرا گانا پسند نہیں آیا۔

اس کے بعد انہوں نے نصرت فتح علی خان کو سنا اور فیصلہ کیا کہ وہ صوفی میوزک کریں گی۔ گلوکارہ نے بتایا کہ یہ راستے چننے میں لالہ نے اُن کی بہت مدد کی۔اس طرف آنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ صوفی ہی اُن کی منزل تھی جہاں تک وہ پہنچ گئی ہیں۔

تازہ ترین