• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’زندگی تماشا‘ نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

فلم زندگی تماشہ کا ٹریلر


معروف ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم’’زندگی تماشا‘‘ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

کچھ روز قبل ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کی پہلی جھلک جاری کی گئی تھی جسے لاکھوں لوگوں نے دیکھا جبکہ ٹریلر کے آخر میں یہ بھی بتایا گیا تھا فلم کو بوسان فلم فیسٹول میں بھی پیش کیا جائے گا۔

بعد ازاں سرمد کھوسٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو یہ خوشخبری بھی سنائی تھی کہ ان کی فلم ’زندگی تماشا‘ کو عالمی فلم فیسٹول کے معتبر ترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں سالانہ منعقد کیے جانے والے عالمی فلم فیسٹول میں پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ کو گزشتہ ہفتے پیش کیا گیا تھا جس کے بعد فلم نے ’کم جسوئک‘ ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔


’کم جسوئک‘ ایوارڈ بوسان عالمی فلم فیسٹیول کا سب سے معتبر ایوارڈ سمجھا جاتا ہے جو کہ ہر سال کسی ایک فلم کو دیا جاتا ہے، مگر اس سال یہ ایوارڈ پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ کے ساتھ بھارتی فلم ’مارکیٹ‘ کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار عارف حسن کے مطابق فلم کی کہانی ایک نعت خواں کے گرد گھومتی ہے جس سے ایک غلطی ہوجاتی ہے بعد ازاں اس غلطی کو اتنا بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے کہ اس کی زندگی تماشا بن کر رہ جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سرمد کھوسٹ کے ساتھ اس فلم کی شریک پروڈیوسر ان کی بہن کنول کھوسٹ ہیں جب کہ فلم کا اسکرپٹ نرمل بانو نے تحریر کیا ہے۔

فلم میں عارف حسن کے علاوہ اداکارہ سمعیہ ممتاز، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

تازہ ترین