• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دوسری ملاقات میں ہی عثمان کو پروپوز کردیا تھا‘

معروف اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ نے اپنے پروگرام میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دوسری ملاقات میں ہی اپنے شوہر عثمان پیرزادہ کو شادی کی پیشکش کردی تھی۔

ثمینہ پیرزادہ نے اپنے ویب پروگرام ’اسپیک یور ہارٹ‘ میں عثمان پیرزادہ کو شرکت کی دعوت دی، دونوں میاں بیوی نے پروگرام میں ایک دوسرے سے وہ باتیں کیں جو انہوں نے پہلے نہیں کی تھیں۔

ثمینہ نے عثمان پیرزادہ سے سوال کیا کہ آج سے 43 سال قبل جب میں نے آپ کو دوسری ملاقات میں ہی شادی کی پیشکش کردی تھی تو اُس وقت اُن کا کیا ردعمل تھا؟

اس کے جواب میں عثمان پیرزادہ نے کہا کہ میں نے سوچا ثمینہ کتنی پاگل لڑکی ہے، پھر سوچا کہ یہ لڑکی مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہے، چلو کرلیتے ہیں بعد میں سوچیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ثمینہ کی پر اعتمادی، بات کرنے کا انداز اور بلا خوف شادی کی پیشکش کرنا انہیں پسند آیا،جس نے انہیں اُن کی طرف متوجہ کیا اور اسی لیے انہوں نے فوراً شادی کے لیے ہاں کردی۔

اداکارہ کے اگلے سوال ’جب میں نے آپ سے کہا آج ہی شادی کرلیتے ہیں تو اس پر آپ نے جمعہ کی جگہ اتوار کو شادی کا کیوں کہا؟ کے جواب میں عثمان نے کہا کہ اُس وقت میری ڈارھی بہت زیادہ تھی ، میں سوچ رہا تھا کہ پہلے شیو کرلوں پھر شادی کرتے ہیں۔

دوران انٹرویو عثمان پیرزادہ نے مزید کہا کہ وہ بات جو میں نےآپ سے آج تک نہیں کی وہ یہ ہے کہ مجھ جیسے پاگل شخص کو 42 سال برداشت کرنے کا بےحد شکریہ۔

اپنی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ زندگی میں انہیں صرف ایک مرتبہ اپنے والد سے مار پڑی تھی ، اُس وقت اُن کی عمر 12 سال تھی۔

ایک مرتبہ اُ ن کی دھوبن چھوٹے بھائیوں کو پنجابی میں کچھ سیکھا رہی تھی اس پر انہوں نے اپنے بھائیوں سے کہا کہ پنجابی بہت گندی زبان ہے، یہ مت سیکھو وہ اُن کے والد نے سن لیا اور انہیں تھپڑدے مارا۔

اُس دن کے بعد سے انہوں نے کبھی پنجابی کو برا نہیں کہابلکہ وہ اکثر پنجابی میں نا صرف بات کرتے ہیں بلکہ لکھتے بھی ہیں۔ اس تھپڑ سے انہوں نے سیکھا کہ صرف اردو زبان ہی اہمیت کی حامل نہیں ہے بلکہ ہر زبان کی اپنی اہمیت ہے۔

تازہ ترین