• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلسل دوسری شکست کے باعث سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے، رومانیہ کی 0-5 سے فتح، چین اور برازیل کی کامیابی جبکہ بھارت اور پولینڈ کے میچز برابر۔

رومانیہ نے پاکستان کو 0-5 کی بڑی شکست دے کر گروپ ’ ایچ‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، پاکستان نے 2 میچز کھیلے دونوں میں شکست کھائی جبکہ رومانیہ نے 2 میچوں میں سے ایک میں فتح حاصل کی اور دوسرا ڈرا کیا۔

اس طرح 4 پوائنٹس کے ساتھ رومانیہ نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ دفاعی چیمپئن جرمنی نے 2 میچز میں سے ایک ڈرا کیا اور ایک میں شکست کھائی اس کا صرف 1 پوائنٹ ہے۔

پاکستانی ٹیم اب ایونٹ میں تیسرا میچ بدھ ک جرمنی کے خلاف کھیلے گی، یونان کے شہر کریٹ میں منگل کو دی لیژر لیگز اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے رومانیہ اور پاکستان کے درمیان میچ میں رومانیہ کو دوسرے ہی منٹ میں برتری حاصل ہوگئی تھی، جب محمد علی نے ہیڈر کے ذریعے گول کیپر یوسف بٹ کو پاس دینے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے سر کے اوپر سے سیدھی جال میں جا گری اور اس گول کی بدولت رومانیہ کو 1-0 کی برتری مل گئی۔

دوسرے ہاف میں رومانیہ نے انتہائی برق رفتار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان ٹیم کو اپنی شارٹ پاسنگ سے مسلسل دباؤ میں رکھا۔

محمد علی، شہباب رضا، کریم کیرائے، حبیب الرحمٰن کی لگائی ہوئی کک درست سمت میں نہ جاسکیں۔

25ویں منٹ میں پوپا لون، 28ویں منٹ میں ولاد کلاڈیا، 33ویں منٹ میں سیلارو الیگزنڈرا اور 35ویں منٹ میں پیناسکو ایڈارڈ نے پانچواں اور آخری گول اسکور کیا۔

گروپ ’ایچ ‘ میں رومانیہ کے 2 میچوں میں 4 پوائنٹس، ہنگری اور سلووینیا کے ایک ایک میچوں میں 3،3 پوائنٹس جبکہ دفاعی چیمپئن جرمنی نے 2 میچوں میں ایک پوائنٹ بنایا ہے۔

ایونٹ کے دیگر میچوں میں گروپ ’ایف‘ میں بھارت اور پیرو 2-2 ا ور گروپ سی میں پولینڈ اور ویلز 1-1 گول سے برابر ہوگئے۔

گروپ ’جی‘ میں چین نے عراق کو 3-0 اور گروپ ’بی‘ میں برازیل نے ترکی کو 1-0 سے شکست دی۔

تازہ ترین