• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینکنگ اسنوکر: محمد آصف، محمد سجاد فائنل میں پہنچ گئے

ٹاپ سیڈ محمد آصف اور سابق چیمپئن محمد سجاد کراچی میں جاری تیسری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ محمد سجاد 2017ء کے بعد پہلی مرتبہ کسی قومی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچے ہیں۔

کراچی جیم خانہ میں جاری چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں سیڈ نمبر بارہ محمد سجاد اور سیڈ نمبر چار محمد بلال کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔

دو گھنٹہ پچاس منٹ جاری رہنے والے اس میچ میں بلال کو ایک موقع پر چار۔دو کی برتری حاصل تھی لیکن محمد سجاد نے مسلسل تین فریمز جیت کر مقابلہ پانچ۔چار سے جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ انہوں نے آخری فریم میں 170 کا بریک بھی کھیلا۔

محمد سجاد 2017 میں 43 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ کسی قومی ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسرے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ محمد آصف نے سیڈ نمبر 9 سہیل شہزاد کیخلاف صرف ایک فریم ڈراپ کرتے ہوئے بیسٹ آف معرکے میں کامیابی حاصل کرلی۔

سہیل شہزاد نے پہلا فریم ہارنے کے بعد دوسرا فریم جیت کر مقابلہ ایک۔ایک سے برابر کیا تھا لیکن اس کے بعد آصف نے انہیں مزید کوئی فریم جیتنے کی مہلت نہ دی اور پانچ۔ایک سے فتح اپنے نام کرلی۔

بیسٹ آف تھرٹین فریمز پر مشتمل فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

محمد سجاد اور محمد آصف کے درمیان صبح دس بجے شروع ہونے والا فائنل پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کرے گا۔

تازہ ترین