• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ ٹیم میں سرفراز احمد کی کپتانی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، دورہ آسٹریلیا کے لیے اظہرعلی کا نام لیا جانے لگا، وکٹ کیپر محمد رضوان کا نام بھی نائب کپتان کے لیے زیرِ غور ہے۔ اس صورت میں سرفراز ٹیسٹ ٹیم سے باہر بھی جاسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کے بعد مصباح الحق نے کپتان سمیت کھلاڑیوں کی کارکردگی پرسخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

لگتا ہے کہ سرفراز احمد کے ستارے گردش میں ہیں، اُنہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کی ہی نہیں بلکہ ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنے کی بھی باتیں ہو رہی ہیں اور ان کی جگہ کپتانی اظہرعلی کو دیئے جانے کا امکان ہے۔

پھر ایسے میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں برطانوی شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر تینوں فارمیٹ میں کپتانی کرنے والے سرفراز احمد تو موجود نہیں تھے البتہ صرف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے اظہر علی کو ضرور مدعو کیا گیا۔

جبکہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی اسکواڈز کے انتخاب کے سلسلے میں ہونے والی ابتدائی مشاورت میں بھی سرفراز احمد شامل نہیں تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شریک کسی کھلاڑی کو این سی اے نہیں بلایا گیا، رہی بات سلیکشن کی تو ابھی کوچز میں مشاورت شروع ہوئی ہے۔

تازہ ترین