• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ادرک کی چائے صرف چائے کے شوقین افراد کے لیے ہی نہیں بلکہ موسمی بیماریوں میں گھرے افراد کے لیے بھی موزوں ہے، اس کے حیرت انگیز فوائد جان کر یقیناً ہر کوئی اسے پینا چاہے گا۔

آسانی سے دستیاب تازہ اور پاؤڈر کی شکل میں موجود ادرک جڑی بوٹی میں شمار کیا جاتا ہے، خوش ذائقہ ہونے کے باعث اسے چائے کے ساتھ ساتھ کھانوں کے اوپر کاٹ کر سجاوٹ کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بھی جانیے: کیا آپ جانتے ہیں جاپانی پھل’ املوک‘ کتنا مفید ہے؟

ماہرین غذائیت کے مطابق بے شمار طبی فوائد کےحامل ادرک میں موجود جز ’جینجرول‘ کے باعث اس میں قدرتی طور پر بیماریوں سے لڑنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں، اس کے باقاعدگی سے استعمال سے شوگر، دل کی بیماریاں ، پٹھوں کا درد ، پھیپڑوں کے مسائل، سوجن میں آرام، دائمی بد ہضمی، کینسر سے بچاؤ، ذہنی دباؤ سے نجات سمیت موسمی بیماریوں سے لڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اگر آپ کو اس کا ذائقہ کھانوں میں پسند نہیں تو اس کی چائے کے فوائد جاننے کے بعد یقیناً اسے پینے پر مجبور ہو جائیں گے۔

وزن میں کمی

ادرک کی چائے وزن گھٹانے میں بہت مفید ہے،2012 ء میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ادرک کی چائے پینے سے بھوک میں کمی ہوتی ہے اور بلڈ شوگر لیول بھی متوازن رہتا ہے، اسے کاٹ کر پانی کی بوتل میں بھی ڈال کر وقفے وقفے سے اس پانی کو پی سکتے ہیں۔

نظامِ ہاضمہ میں بہتری

اگر دائمی بد ہضمی کی شکایت ہو تو ادرک کی چائے کا استعمال آج ہی سے شروع کر دیں اور پیٹ سے متعلق تمام امراض کو بھلادیں، ادرک کی چائے کھانا ہضم کرنے میں مدد اور گیس ہونے سے بچاتی ہے، صبح نہار منہ یا دوپہر میں استعمال کریں۔

قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے

غذائیت سے بھر پور جڑی بوٹی ادرک کی چائے قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے اور تھکن اور بوجھ پن کو دور کرتی ہے، اس میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ سے جسم سے فاضل مادے نکل جاتے ہیں جس سے جسم کو موسمی بیماریوں اور انفیکشن سے لڑنے میں قدرتی طور پر آسانی ہوتی ہے۔

متلی اور مارننگ سکنس سے بچاتی ہے

قدرتی طور پر طبی جزرکھنے والے ادرک کی چائے حاملہ خواتین کو متلی اور مارننگ سکنس سے بچا سکتی ہے، سستی کا حاوی رہنا ، پٹھوں میں درد، سوجن اور تھکاوٹ کا بہترین علاج ہے، ادرک کی چائے مضر اثر سے پاک بھی ہے۔

ادرک کی چائے بنانے کا طریقہ

پہلا طریقہ

ایک کپ پانی لیں، اس میں 2 سے 3 باریک ٹکڑے ادرک کاٹ کر شامل کریں اور 15 سے 20 منٹ تک ابالیں، اس کے بعد اسے چھان کر اس میں لیموں یا شہد ڈال کر استعمال کریں، ذائقہ مزید بہتر کرنے کے لیے اس میں چند پتے پودینے کے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔

دوسرا طریقہ

ایک کپ پانی لیں اس میں چینی، چائے کی پتی ، 2 ٹکڑے ادرک ڈالیں اور کہوہ کو 10 منٹ طرح پکائیں ، اس کے بعد اس میں دودھ شامل کریں اور مزید 5 سے 7 منٹ پکائیں اور چھان کر نوش فرمائیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین