• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

7 ایسی غذائیں جو خالی پیٹ نہیں کھانی چاہئیں

ہم صبح سویرے اُٹھ کر بنا سوچے سمجھے اپنے ناشتے میں کچھ ایسی غذائیں کھا لیتے ہیں جو ہماری صحت کے لیے مضر ثابت ہوتی ہیں۔

ایک تحقیق کے مطابق کُچھ غذائیں ایسی ہیں جو اگر خالی پیٹ کھائی جائیں تو وہ ہماری آنتوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں اور اُن سے تیزابیت اور جلن کا بھی خدشہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایک طویل نیند کے بعد جب ہم سو کر اُٹھتے ہیں تو ہمیں فوراً کچھ نہیں کھانا چاہیے، ہمیں پہلے کُچھ دیر کے لیے اپنے نظامِ ہاضمہ کو تھوڑا وقت دینا چاہیے اور پھر کم از کم دو گھنٹے کے بعد ناشتہ کرنا چاہیے۔

تحقیق کے مطابق یہ وہ 7 غذائیں ہیں جن کو خالی پیٹ کھانے سے گُریز کرنا چاہیے۔

چٹ پٹے اور مصالحے دار کھانے:

خالی پیٹ چٹ پٹی اور مصالحے دار غذا کھانے سے السر کا خطرہ ہوتا ہے، یہ تیزابیت اور معدے میں جلن کا بھی سبب بنتے ہیں، اِس کے علاوہ نظام ہاضمہ ٹھیک سے کام نہیں کرتا ہے جس سے بد ہضمی بھی ہوجاتی ہے۔

میٹھے کھانے اور مشروبات:

اکثر یہ سُننے میں آتا ہے کہ اپنے دِن کا آغاز تازہ پھلوں کے جوس سے کرنا چاہیے اِس سے ہم صحت مند رہتے ہیں لیکن تحقیق کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ یہ عمل غلط ہے اور صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر ہم صُبح ناشتے میں خالی پیٹ پھلوں کا جوس لیں گے یا کوئی بھی میٹھی چیز لیں گے تو اُس کا اثر ہمارے جگر پر ہوگا کیونکہ پھلوں میں فروٹکوز کی شکل میں شوگر  پائی جاتی ہے اور یہ خالی پیٹ لینا جگر کے لیے نقصان دہ ہے۔

اِس لیے ناشتے میں یا خالی پیٹ میٹھی غذا یا مشروبات سے پرہیز کرنا چاہیے۔

سافٹ ڈرنکس:

سافٹ ڈرنکس ہماری صحت کے لیے خراب ہیں، اِن ڈرنکس کو دِن کے کسی بھی وقت اگر خالی پیٹ استعمال کیا جائے تو یہ معدے میں تیزابیت کا باعث بنتی ہیں اور اِس سے متلی اور جلن جیسے مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔

بعض اوقات سافٹ ڈرنکس کو معدے کی تیزابیت ختم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے لیکن اگر اِس کا خالی پیٹ استعمال کیا جائے اِس سے پیٹ میں بھی درد ہوسکتا ہے لہٰذا سافٹ ڈرنکس سے پرہیز کرنا چاہیے۔

ٹھنڈے مشروبات:

ماہرین کہتے ہیں کہ دِن کا آغاز گرم پانی پینے اور شہد کھانے سے کرنا چاہیے لیکن اِس پر عمل کرنے کے بجائے اکثر لوگ اپنے ناشتے میں ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کرتے ہیں جیسے ٹھنڈی کافی، آئیس شیک وغیرہ جبکہ خالی پیٹ ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کرنے سے نظامِ ہاضمہ سُست ہوجاتا ہے اور یہ صحت کے لیے خراب ہوتے ہیں۔

کھٹے میٹھے پھل:

اگر پھلوں کو صحیح وقت پر کھایا جائے تو پھل ہمیشہ صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں لیکن خالی پیٹ کھٹے میٹھے پھل کا استعمال کیا جائے تو یہ تیزابیت کی وجہ بنتے ہیں۔

اِن پھلوں میں موجود ریشہ اور فرٹوکوز ہمارے نظامِ ہاضمہ کو سُست کرتے ہیں، اِس لیے خالی پیٹ امرود اور نارنجی جیسے پھل کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔

کچی سبزیاں:

کچی سبزیوں کو سلاد کے طور پر غذا میں شامل کیا جاتا ہے اور لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ کسی بھی وقت کھایا جائے تو صحت کے لیے مفید ہوتا ہے جبکہ یہ غلط ہے سلاد کو کبھی بھی خالی پیٹ نہیں کھانا چاہیے کیونکہ یہ پیٹ درد کی وجہ بن سکتی ہیں۔

کافی:

ایک کپ کافی سے دِن کا آغاز کرنا ایک عام سی بات ہے یا پھر یہ کہ کافی کا استعمال نیند اُڑانےکے لیے کیا جا تا ہے لیکن اگر خالی پیٹ کافی کا استعمال کیا جائے گا تو یہ معد ے میں تیزابیت کی وجہ بنتی ہے۔

تازہ ترین