• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی امن فاؤنڈیشن ایمبولینس سروس بند

کراچی کے لیے سندھ حکومت کی پہلی مفت ایمبولینس سروس فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔

سندھ حکومت نے نجی ادارے امن ہیلتھ کیئر سروسز کے تحت چلنے والی جان بچانے والی ایمبولینسز کی سروس کو سندھ حکومت کی سرپرستی میں لیا تھا، ایمبولینس سروس کے اخراجات کی مد میں جولائی تا دسمبر 41 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جانی تھیں تاہم معاہدے اور سروس کے آغاز کے 4 ماہ گزرنے کے باوجود سندھ حکومت مذکورہ فنڈز جاری نہ کرسکی۔

امن ہیلتھ کیئر سروسز نے سندھ حکومت کے اشتراک کے بعد اس سہولت کو سندھ ریسکیو اینڈ میڈیکل سروس کا نام دیا جس کے تحت 60 جان بچانے والی ایمبولینسز کراچی میں خدمات فراہم کرتی رہیں۔

اس سروس سے یومیہ 300 مریض استفادہ کر رہے تھے تاہم فنڈز کی قلت کی وجہ سے سروس میں تعطل آتا رہا اور ایمبولینسز کی تعداد 60 سے بتدریج کم ہوتی رہی۔

اکتوبر کے آغاز تک یہ تعداد 15 تک محدود ہوگئی جبکہ اکتوبر کے وسط تک محض 5 ایمبولینس یہ سہولت فراہم کر رہی تھیں اور وہ بھی آخر کار 17 اکتوبر کو بند کر دی گئیں۔

امن ہیلتھ کیئر سروسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کی قلت کی وجہ سے عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ دوائیں، آکسیجن اور ایندھن کی خریداری میں مشکلات کا سامنا تھا، کسی نہ کسی طور پر 4 ماہ تک یہ سہولت مہیا کی جاتی رہی لیکن سندھ حکومت کی جانب سے وعدوں کے علاوہ کچھ نہ دیا گیا۔

تازہ ترین