• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کے شہنشاہ اور سپر اسٹار امیتابھ بچن کو ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے، ایک بھارتی خبررساں ایجنسی کے مطابق انہیں اسپتال میں ریگولر چیک اپ کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 77سالہ امیتابھ بچن کو اس ہفتے کے آغاز میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور وہ اب تک اپنے معالجین کی زیرنگرانی ہیں، گو کہ کہا تو یہی جارہا ہے کہ وہ معمول کی چیک اپ کے لیے آئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اُنہیں اسپتال اس لیے لایا گیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار کے ساتھ کچھ جگر کے مسائل ہیں۔

اس بارے میں کچھ زیادہ واضح صورتحال تو سامنے نہیں آئی ہے لیکن امیتابھ بچن خود یہ انکشاف کرچکے ہیں کہ ان کا جگر صرف 25 فیصد کام کررہا ہے، جبکہ 75فیصد جگرکو بیس برس قبل بیماری کے باعث نقصان پہنچا تھا اور اسکی وجہ 1983میں قلی فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کا شدید زخمی ہونا تھا۔

ایک بھارتی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا کہ قبل ازوقت تشخیص اور ریگورلر چیک اپ سے انہیں اپنی صحت کو برقرار رکھنے میں کافی مدد ملتی ہے۔ میں صرف 25فیصد جگر کے ساتھ زندہ ہوں، اسی لیے میں کہتا ہوں کہ اپنا معائنہ کرائیں، تشخیص کروائیں تو پھر علاج ممکن ہے۔

دریں اثنا امیتابھ بچن کے اسپتال میں داخل کرائے جانے کی اطلاع سامنے آنے  کے بعد بالی ووڈ کے شہنشاہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہوگئے ہیں۔ جمعرات کو انہوں نے کڑوا چوتھ کے تہوار کے تناظر میں اپنی اہلیہ جیا بچن کے لیے دو پوسٹ شیئر کیں۔

جن میں ان کا کہنا تھا کہ جواچھا نصف تھا وہ بالکل واضح ہے اور جو بقیہ ہے وہ غیر متعلقہ ہے اور ان دیکھا ہے۔ جبکہ دوسری پوسٹ میں انہوں نے اہلیہ کو کڑوا چوتھ کی مبارکباد دی ہے۔ 


تازہ ترین