• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کشادہ اور شاندار گھر کا مالک ہو لیکن آج کے دور میں زمین اور جائیداد کی قیمتیں ایک اچھے بھلے آدمی کی پہنچ سے دور جاچکی ہیں، جس کی وجہ سے ہر کوئی اپنے گھر کا خواب سچ ثابت کرنے سے قاصر رہتا ہے۔ اگر آپ زمین کے چھوٹے سے ٹکڑے کے بھی مالک ہیں تو محدود جگہ میں بھی آپ اپنے خوابوں کا محل تعمیر کرسکتے ہیں۔ دراصل، ہم جب بھی گھرکے سائز کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہمارے ذہن میں گھر کی لمبائی اور چوڑائی ہی آتی ہے۔ 

ہم یہ نہیں کہتے کہ گھر کی یا گھر کے مختلف حصوں جیسے بیڈ روم، ڈرائنگ روم، لیونگ روم، کچن وغیرہ کی کشادگی اہم نہیں ہوتی لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کمروں کی چھت کی اونچائی پر بھی دھیان دینا چاہیے۔ اگر آپ اپنے لیے نیا گھر تعمیر کروارہے ہیں تو ہم آپ کو تجویز دیں گے کہ آپ گھر کی اونچائی پر بھی اتنی ہی توجہ دیں۔ وجہ؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ گھر کی چھتیں اونچی رکھنے سے آپ گھر کی چیزیں رکھنے کے لیے اضافی جگہ پیدا کرسکتے ہیں اور اس طرح آپ محدود جگہ پر بھی اپنے لیے شاندار گھر تعمیر کرسکتے ہیں۔

مزید برآں، آج کے جدید دور میں جب عالمی درجہ حرارت(گلوبل وارمنگ) میں اضافہ ہورہا ہے، اونچی چھتیں آپ کے گھر کو ٹھنڈا رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، جس سے آپ گرمیوں کے موسم میں توانائی کی بچت بھی کرسکتے ہیں۔ اونچی چھتوں کو شاندار طریقے سے سجانے اور ان کا مؤثر استعمال کرنے سے آپ کے گھر کی جمالیاتی خوبصورتی بڑھے گی۔ آئیے جانتے ہیں کہ کس طرح سے اونچی چھتوں کا صحیح طریقے سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے۔

اسٹوریج کی جگہ

اونچی چھت کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس میں اسٹوریج کی زائد جگہ بن جاتی ہے۔ آپ چھت اور فرش کے درمیان اونچائی پر اسٹوریج کی جگہ بناکر اس میں ’ٹریپ ڈور‘ بنادیں۔ اس جگہ کو آپ اسٹور روم (دوچھتی)کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں، ٹریپ ڈور کی وجہ سے دیوار میں وہ جگہ بُری بھی نہیں لگے گی۔

آرائشی چھتیں

جب ہم اونچی چھتوں کے بارے میں بات کر رہے ہوتے ہیں تو بات صرف چھتوں کی نہیں ہوتی، اس میں اونچی کھڑکیاں بھی شامل ہوتی ہیں۔ آجکل پونے چار میٹر کی اونچائی والی چھتیں ویسے ہی خوش قسمتی سے تعبیر کی جاتی ہیں کیونکہ عموماً کئی پروجیکٹس کی چھتیں 3میٹر (10فٹ) اونچی رکھی جاتی ہیں، جس کے نیچے اگر اچھے قدکا بندہ ہاتھ پھیلائے تو چھت کو چُھو سکتا ہے۔ 

ایسی کم اونچائی والی چھتوں میں آپ آرائشی چھت (False Ceiling) استعمال نہیں کرسکتے۔ آرائشی چھتیں آپ کے گھر کو دلکشی بخشتی ہیں، اس لیے اگر تعمیر کے وقت آپ اپنے گھر کی چھتوں کو اونچا رکھوائیں گے تو بعد میں آپ آرائشی چھتیں بھی لگواسکتے ہیں، جس سے آپ کے گھر کی قدر و قیمت بھی بڑھ جاتی ہے۔ چھتوں کی کم سے کم دو سطحیں ہونی چاہئیں، اس طرح آپ گھر میں زیادہ جگہ پیدا کر سکتے ہیں۔

فرش کی سطحیں

اگر آپ کے گھر کی چھت اونچی ہے تو آپ صرف چھت کو ہی تبدیل نہیں کرسکتے بلکہ فرش میں تبدیلی لاکر بھی گھر میں منزلیں بنائی جاسکتی ہیں۔ یہ ایک زبردست آئیڈیا ہوسکتا ہے، تاہم کچھ لوگ اس حوالے سے آرام دہ محسوس نہیں کرتے۔ 

لیکن اگر آپ کو فرش کی سطحوں سے مسئلہ نہیں ہے تو پھر یہ مشورہ یقیناً آپ کے لیے ہے۔ لیونگ اور ڈائننگ روم کے درمیان آپ ایک جگہ بنا سکتے ہیں جو کہ بالکل پرائیویٹ ہو۔ ایسی جگہیں آپ کی پرائیویسی کی حفاظت اچھی طرح کرتی ہیں۔

کونے میں درمیانی چھت

اگر چھت بہت زیادہ اونچی ہے تو آرائشی چھت لگانے اور ٹریپ ڈور اسٹوریج بنانے کے بجائے ایک اور زبردست کام کیا جاسکتا ہے۔ آپ فرش اور چھت کے درمیان کمرے کے ایک مخصوص حصے میں ایک اضافی اسٹوریج چھت بناسکتے ہیں۔ آپ چاہیں تو بک شیلف رکھ کر اسے سجا سکتے ہیں، جہاں آپ کی رسائی ایک لکڑی یا لوہے کی سیڑھی کے ذریعے ہوگی۔

اونچائی کے فوائد

جب آپ کے پاس ایک چھوٹا گھر ہو لیکن اس کی چھت اونچی ہو تو اس کے حجم سے فائدہ اُٹھانا آپ کے لیے ضروری اور مفید ہو جاتا ہے۔ چاہے آپ ایک لیونگ روم بنائیں، کمرہ یا پھر ایک چھوٹی سی پُرسکون جگہ۔ آپ کا اس طرح کا فیصلہ گھر کو مزید کشادہ بنا سکتا ہے اور آپ کو ہماری تجویز پر عمل کرکے پچھتاوا نہیں ہوگا۔

دیواروں کااستعمال

ہم نے اب تک اونچی چھتوں کو لے کر فرش اور چھتوں کی بات کی ہے لیکن دیواروں کا کیا؟ گھر میں موجود ان اونچی دیواروں سے بھی ضرور فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ انہیں اپنے گھر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے استعمال کریں، اس سلسلے میں رنگ و روغن بہترین ہتھیار ہوسکتا ہے ۔ اپنے گھر کی اونچی دیواروں پر شاندار رنگ و روغن کیجیے۔ اس کے علاوہ آپ ایسی دیواروں پر آرٹ کا کام بھی کرواسکتے ہیں۔

خانے بنوائیں

اونچی دیواروں کو آپ بڑے بڑے تصویری فریمز لگانے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں یا پھر ان میں آپ ایک بڑی سی لائبریری بھی بناسکتے ہیں۔

تازہ ترین