• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر کی خُشکی ختم کرنے کے گھریلو نسخے

سر میں خشکی مرد و خواتین دونوں میں عام ہے، یہ تکلیف کا باعث تب بنتی ہے جب اس کی وجہ سے سر میں بار بار خارش ہوتی ہے اور کسی محفل میں یہ یہ شرمندگی کا باعث بنتی ہے۔

سر میں خُشکی کی وجوہات:

سر میں خُشکی کی سب سے بڑی وجہ شیمپو کا زیادہ استعمال ہے، شیمپو میں پائے جانے والے کیمیکلز ہماری جلد کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں، اِس کے علاوہ ہر وقت سر کو ڈھانپ کر رکھنے سے خُشکی ہوتی ہے۔

بالوں کو صاف نہ رکھنے سےسر میں خُشکی کی پیداور ہوتی ہے اور ذہنی دباؤ بھی خُشکی کی ایک بڑی وجہ ہے۔

سر میں خُشکی کی علامات:

سر میں خُشکی کی سب سے عام علامت خارش ہے جو اِس قدر ہوتی ہے کہ لوگوں کے سامنے شرمندہ کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔

خُشکی کی واضح علامت یہ بھی ہے کہ سر کی جلد پر فنگس پائے جاتے ہیں جو دھوپ میں چمکتی ہے، بعض اوقات خُشکی ہمارے کپڑوں پر بھی گِرتی ہے اور گہرے رنگ کے لباس پر یہ زیادہ واضح ہوتی ہے۔

سر کی خُشکی ختم کرنے کے لیے مرد و خواتین مہنگے مہنگے اینٹی ڈینڈرف شیمپو اور کیمیکلز کا استعمال کرتے ہیں لیکن یہ کم ہونے کے بجائے اور زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔

اب پیسے بچائیے، گھریلو نسخوں سے خُشکی سے نجات پائیے۔

لیموں کا رس:

لیموں میں قُدرتی طور پر سائٹرک ایسڈ پایا جاتا ہے جو سر سے خُشکی کے ذرّات کو نکالنے میں مدد کرتا ہے، خُشکی سے نجات پانے کے لیے لیموں کے رس کا استعمال اِس طرح سے کیا جائے کہ روئی لے کر اُس کو لیموں کے رس میں بھگوئیں اور  سر کی جِلد پر جہاں جہاں خُشکی ہے وہاں لگائیں اِس نسخے سے خُشکی ختم ہونے میں مدد ملے گی۔

ناریل کا تیل:

ناریل کا تیل سر کی خُشکی ختم کرنے کا ایک موثر علاج ہے، ناریل کے تیل سے خُشکی ختم کرنے کے لیے پہلے اپنے حساب سے ناریل کے تیل کی مقدار لے کر اُس کو ہلکا گرم کرلیں اور پھر اُس میں لیموں کا رس مِلا لیں، اِس کے بعد اِس تیل کو اپنے سر کی جِلد پر لگائیں اور تھوڑی دیر مساج کریں، یہ عمل سر کی خُشکی ختم کرنے میں مفید ہے۔

نیم کا تیل:

نیم میں قُدرتی طور پر اینٹی بیکٹیریل خصوصیات موجود ہوتی ہیں اور اِس کا تیل سر سے خُشکی ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے، جن لوگوں کو خُشکی ہوتی ہے اُن کو چاہیے کہ نیم کے تیل کا مساج کریں اِس سے خُشکی سے چھٹکارا مِل جائے گا۔

پیاز کا رس:

پیاز میں اینٹی فنگل خصوصیات پائی جاتی ہیں جو سر کی خُشکی جیسےفنگس کو ختم کرتی ہے، اِس کے لیے آپ پیاز لے کر اُس کا رس نِکال لیں اور پھر اُس رس کو سر کے اُس حصے پر لگالیں جہاں خُشکی اور فنگس کے ذرات موجود ہیں، اِس نسخے سے جلد ہی خُشکی سے نجات مِل جائے گی۔

کھانے کا سوڈا:

کھانے کا سوڈا ہر گھر کے باورچی خانے کا اہم جزو ہے، اِس میں موجود اینٹی فنگس خصوصیات سر کی جِلد سے خُشکی ختم کرنے میں اور سر کی جِلد پر قُدرتی تیل پیدا کرنے میں مدد کرتا ہے۔

اِس کا طریقہ استعمال یہ ہے کہ پہلے اپنے بالوں کو گیلا کرلیں اور سر کی جلد پر کھانے کا سوڈا لگائیں، اِس کے بعد اپنے ہاتھ سے رگڑیں اور کُچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں، کُچھ دیر کے بعد اپنے سر کو صرف پانی سے دھولیں، شروع میں آپ کو اپنے بال خُشک لگیں گے لیکن بعد میں آپ کو محسوس ہوگا کہ آپ کے سر کی جِلد پر قُدرتی تیل پیدا ہورہا ہے اور خُشکی ختم ہر رہی ہے۔

آملہ:

آملہ بالوں کے لیے بہت مفید ہوتا ہے، خُشکی کی وجہ سے سر میں بہت زیادہ خارش ہوتی ہے اِس خارش سے نجات پانے کے لیے آملہ اپنے سر پر لگائیں اور زیادہ اچھا ہوگا کہ اپنے بالوں کو شیمپو کے بجائے آملہ کے پاؤڈر سے دھوئیں، اِس سے خُشکی بھی ختم ہوگی اور خُشکی کی وجہ سے بال جھڑنے کا عمل بھی رُُُک جائے گا۔

انڈے کی زردی:

انڈے کی زردی میں اینٹی ڈینڈرف کی خصوصیت موجود ہوتی ہیں، انڈ ے کی زردی سر کی جلد پر لگانے سے خارش بھی ختم ہوگی اور اِس کے علاوہ خُشکی سے بھی نجات ملے گی۔

ایلو ویرا:

ایلو ویرا وٹامنز، پروٹین اور معدنیات کی خصوصیات سے مالا مال ہے اور اِس میں اینٹی فنگل اور اینٹی بیکٹیریل کی خصوصیات بھی ہوتی ہیں، ایلو ویرا سے سر کی خُشکی ختم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ خُشکی والے حصوں پر ایلو ویرا جیل لگالیں اور کُچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں، پھر سر کو دھولیں، اِس سے خُشکی ختم ہوجائے گی۔

لہسن کا پیسٹ:

لہسن میں اینٹی فنگل، اینٹی بیکٹیریل اوراینٹی بائیوٹیک کی خصوصیات ہوتی ہیں، لہسن کے ذریعے سر سے خُشکی ختم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ لہسن کو پیس لیں اور اِس کا پیسٹ بنا کر سر پر لگالیں اور پھر کُچھ دیر بعد دھولیں، خُشکی سے نجات مل جائے گی۔

تازہ ترین