• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سبزی فروشوں کا ٹماٹر پر ڈبل منافع، عوام پریشان

کراچی میں ٹماٹر من مانی قیمت پر بکنے لگا، جس سے عوام پریشان ہو گئے، سبزی فروش ڈبل منافع کمانے لگے، بازار میں ٹماٹر کی 130 روپے تا 180 روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔

بارشوں نے ٹماٹر کی فصل کو متاثر کیا ہے، حیدرآباد میں 20 کلو ٹماٹر کی پیٹی 11 سو روپے کی اوسط سے مل رہی ہے، یعنی کسان کو اپنی پیداواری لاگت کے 55 روپے مل رہے ہیں اور وہ اس قیمت پر خوش ہے۔

ایک کلو ٹماٹر کراچی لانے کا کرایہ 3 روپے جبکہ دیگر اخراجات کے 7 روپے رکھ لیں تو قیمت 65 روپے بنتی ہے، بازار کی قیمت اس میں سے نکال لیں تو 65 روپے پڑنے والے ٹماٹر پر 65 روپے ہی منافع کے بچ رہے ہیں، اس کے پیچھے یہ کاروباری سوچ کار فرما ہے کہ کل کا کچھ پتہ نہیں، جو کمانا ہے آج ہی کما لو۔

ملک میں ٹماٹر کی سپلائی میں ہر صوبہ حصہ ڈالتا ہے، جبکہ یہ ایران سے بھی آتا ہے، ماضی میں ٹماٹر بھارت سے بھی آتا تھا جو اس وقت آنا بند ہو چکا ہے، یہ ضرورت بھی مقامی سطح پر منتقل ہوئی ہے تاہم یہاں ٹماٹر کی کتنی ضرورت ہے یہ معلوم نہیں۔

ٹماٹر کی 3 مہینے کی فصل لگانے کا فیصلہ قیمت دیکھ کر کیا جاتا ہے، آج کل قیمت زیادہ ہے، اس لیے اسے خوب لگایا جا رہا ہے، تاہم پروڈکشن زیادہ آئے گی تو اس کی قیمت گر جائے گی اور پیداوار کو مارکیٹ لانے کا خرچ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے زیادہ ہو جائے گا، اس لیے اسے ضائع کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹماٹر 5 روپے کلو فروخت ہونے لگے مگر کہاں؟

ٹماٹر کی ڈیمانڈ اور سپلائی کے توازن کو خراب کرنے کی وجہ سے قیمت خود بخود بڑھ جاتی ہے اور اسی وجہ سے آج کل 65 روپے کلو ٹماٹر پر 65 روپے ہی نفع کمایا جا رہا ہے، جبکہ اس صورتِ حال کو روکنے یا قابو کرنے والا کوئی نہیں ہے۔

تازہ ترین