• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’درج‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت مل گئی

شمعون عباسی کی فلم ’درج‘ کو پاکستان بھر میں نمائش کی اجازت مل گئی ہے۔

معروف اداکار و پرڈیوسر شمعون عباسی کی فلم ’درج ‘ کی نمائش پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے، شمعون عباسی نے اِس بات کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا اُنہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنے مداحوں اور دوستوں کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان بھر میں فلم ’درج‘ کی نمائش پر سے پابندی ختم ہوگئی ہے اور اب بہت جلد ہی ملک بھر کے سینما گھروں میں اسے دِکھایا جائے گا۔‘







اس کے علاوہ فیس بُک پر فلم ’درج‘ کے آفیشل اکاؤنٹ پر بھی پابندی ختم ہونے کا اعلان کیا گیاہے اور اسلام آباد سینسر کی جانب سے ’درج‘ کو دیے جانے والے کلیئر سرٹیفکیٹ کی بھی تصویر شیئر کی گئی۔


 شمعون عباسی کی جانب سے فلم ’درج‘ کی نمائش کی نئی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شمعون عباسی کی فلم ’درج‘ کو  رواں ماہ 18 اکتوبر کو ریلیز کیاجانا تھا لیکن اسلام آباد سینسر بورڈ نے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی جبکہ سندھ اور پنجاب کے سینسر بورڈ نے ’درج‘ کو پاکستانی سینما گھروں میں دِکھانے کی اجازت دے دی تھی۔

شمعون عباسی کی فلم ’درج‘ کا ٹریلر


اسلام آباد سینسر بورڈ کی جانب سے عائد پابندی پر شمعون عباسی نے سوشل میڈیا پر وزیرا عظم عمران خان سے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔

دوسری جانب اداکارہ صنم سعید نے بھی فلم ’درج‘ پر عائد پابندی کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا تھا۔

فلم ’درج‘ میں آدم خوروں کو دِکھایا گیا ہے اور یہ فلم اُن حقیقی جرائم پر مبنی ہے جو ماضی میں پاکستان اور دُنیا کے مختلف حصوں میں نسلی تعصب کی بنا پر کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین