• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم وعدے وفا نہیں کرسکتے تو کرنا چھوڑ دیں، مرتضیٰ وہاب

وزیراعظم وعدے وفا نہیں کرسکتے تو کرنا چھوڑ دیں، مرتضیٰ وہاب


مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے مودبانہ گزارش ہے کہ اگر آپ وعدے وفا نہیں کرسکتے تو کرنا چھوڑ دیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان کے دورہ کراچی پر طنز کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ باتوں کے سوا کسی اور چیز پر مہارت نہیں رکھتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر وزیراعظم کراچی آئے، اس دوران انہوں نے بڑے بڑے دعوے کیے، عملی اعتبار سے دیکھتے ہیں تو کراچی والے 162 ارب روپےکا حسین خواب جو انہیں دکھایا گیا تھا، اس کے منتظر ہیں۔


مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اسی طرح وزیراعظم نے حیدر آباد میں یونیورسٹی قائم کرنے کا خواب دکھایا، آج تک لوگ یونیورسٹی ڈھونڈرہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے تھر کے لوگوں کو ایک بہترین اسپتال کا خواب دکھایا تھا، تھر کے باسی آج بھی وہ اسپتال تلاش کررہے ہیں۔

مشیر قانون سندھ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کب تک آپ کراچی والوں اور سندھ کے باسیوں سے اس طرح کے جھوٹے وعدے کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ شاید وزیراعظم کے پاس وزیراعلیٰ سندھ کے سوالات کے جواب نہیں، اس لیے وہ ان سے ملنے سے کتراتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے بینرز لگانے تھے تو علی حیدر زیدی کی مہم کے وقت لگاتے جب کچرا شہر میں ہی پھینکا گیا۔

مشیر قانون سندھ کا کہنا تھا کہ مانتے ہیں کراچی میں اب بھی کچرا موجود ہے، صاف کرنے کی ذمہ داری پوری کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما وزیراعظم سے سوال کریں گے کراچی پیکج، حیدر آباد کی یونیورسٹی اور تھر کے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال کا کیا بنا؟

تازہ ترین