• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کی ذمہ داری مصباح نے چئیر مین پی سی بی پر ڈال دی!

سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کی ذمہ داری مصباح نے چئیر مین پی سی بی پر ڈال دی!
سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانا خالصتاً احسان مانی کا فیصلہ تھا، مصباح الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کہتے ہیں کہ حیران ہوں کہ سرفراز احمد کو بطور کپتان فارغ کئے جانے پر عجیب و غریب باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔

45 سال کے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح نے کہا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے میں کوئی سیاست تھی، نا کوئی سازش، چئیر مین پی سی بی واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ صرف کارکردگی اُنہیں عہدے سے ہٹانے کی وجہ بنی، اس کے علاوہ کوئی اور بات نہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سرفراز کے معاملے پر سندھ حکومت بھی میدان میں آگئی

75 ٹیسٹ، 162ون ڈے اور 39 ٹی 20 کھیلنے والے مصباح الحق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دورہ آسڑیلیا کے لیے ٹیم کا اعلان کرنے سے قبل دو ٹوک الفاظ میں وضاحت کی کہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانا خالصتاً احسان مانی کا فیصلہ تھا۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور چئیرمین سے ضرور انہوں نے سرفراز احمد کے حوالے سے بات کی تھی، البتہ سرفراز احمد کو انہوں نے کپتانی سے نہیں ہٹایا، آئین کے مطابق کپتان کو رکھنا یا ہٹانا چئیر مین پی سی بی کا استحقاق ہے اور احسان مانی نے اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سرفراز پرفارم کرکے دوبارہ جگہ بنا سکتے ہیں، چیف سلیکٹر

مصباح الحق کے اس بیان پر سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کہتے ہیں کہ دہری ذمہ داری نبھانے والے مصباح الحق کا یہ بیان واضح کر رہا ہے کہ وہ کوئی بھی ذمہ داری اپنے اوپر لینے کے لیے تیار نہیں ہیں، جب کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہہ چکے ہوں کہ چئیرمین کو فیصلہ کرنے سے پہلے مصباح الحق بطور کوچ اور چیف سلیکٹر اپنی رائے دیں گے، تو مصباح الحق کیسے خود کو اس فیصلے سے علیحدہ رکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین