• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ آسڑیلیا کے لیے 15رکنی ٹی 20 اسکواڈ میں دائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر عثمان قادر کو بھی شامل کیا گیا، 26 سال کے لیگ بریک بولر لیجنڈری عبدالقادر مرحوم کے فرزند ہیں اور پہلی بار قومی ٹیم کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

10فرسٹ کلاس میچوں میں 52.81 کی اوسط سے گیارہ وکٹیں لینے والے عثمان قادر پاکستان سوپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز لاہور قلندر کا حصہ رہنے کے ساتھ آسڑیلیا میں کھیلی جانے والی بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکوچرز کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔

عثمان قادر کا انتخاب مصباح کے بیان نے متنازع بنا دیا


تاہم ان کے قومی ٹیم میں منتخب ہونے کو چیف سلیکٹر مصباح الحق نے خود اپنے بیان سے متنازع بنا دیا تھا، 9 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی 20میں شکست کے بعد مصباح نے اس وقت کے کپتان سرفراز کے ساتھ پریس کانفرنس میں لیگ اسپنر کے سوال پر کہا کہ یاسر شاہ اور شاداب کے علاوہ ڈومیسٹک ٹیموں میں کسی لیگ اسپنر کا نام بتا دیں، جسے پرفارمینس کے باوجود موقع نہیں دیا جارہا؟

جب ایک صحافی نے مصباح الحق سے استفسار کیا کہ عثمان قادر کے بارے میں کیا خیال ہے تو مسکراتے ہوئے مصباح بولے وہ کہاں کھیل رہے ہیں؟ البتہ ٹھیک گیارہ دن بعد اسی قذافی اسٹیڈیم میں جہاں مصباح الحق کو پتہ نہ تھا کہ عثمان قادر کہاں کھیل رہے ہیں؟ اسی عثمان قادر کو مصباح الحق نے بولنگ کی تعریفوں کے بلند وبانگ دعوے کرتے ہوئے، آسٹریلیا تین ٹی 20 کھیلنے جانے والی ٹیم کے لیے منتخب کر کے نیا پنڈورا بکس کھول دیا۔

عثمان قادر ڈومیسٹک ٹی 20میں سینٹرل پنجاب کے لیے فیصل آباد میں کھیل رہے ہیں۔

دسمبر 2013ء میں نیشنل بینک کی جانب سے یو بی ایل کے خلاف فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے عثمان قادر 2013ء کے دورہ ویسٹ انڈیز پر نہیں جا سکے تھے، اس ٹیم کے کپتان مصباح الحق تھے اور چیف سلیکٹر اقبال قاسم تجربے کی غرض سے عثمان قادر کو بطور 17واں کھلاڑی بھیجنے میں ناکام رہے تھے۔

تازہ ترین