• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کو کیسے قابو کریں؟ شعیب اختر کے مشورے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کی سلیکشن اور خوشی کا اظہار کردیا۔

ویڈیوں شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر اپنے ایک پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ آسٹریلیا کے بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

شعیب اختر نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا پاکستان ٹیم کے لیے ہمیشہ ہی مشکل رہا ہے اور اچھی ٹیم ہونے کے باوجود ہم اسے شکست دینے میں ناکام رہے۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیعب اختر کا کہنا تھا کہ کامران اکمل، محمد حفیظ یا شعیب ملک جیسے کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔

شعیب اختر نے کہا کہ میں پی سی بی کو یہ تجویز پیش کرنا چاہتا ہوں کہ موسیٰ خان اور نسیم شاہ کو ضرورت سے زیادہ مشق نہ کروائیں، انہیں وہاں آزادانہ بولنگ کرنے کی اجازت دی جائے۔

اسپیڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ ہمیں آسٹریلیا میں جارحانہ کھیل اور کپتانی کی ضرورت ہے، اگر آسٹریلیا پر دلیری کے ساتھ حملہ کیا گیا تو معاملات مختلف ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہاں پاکستان کے بولرز کو مار پڑنے سے ڈرنا نہیں چاہیے، وہاں انہیں مار پڑے گی تو یہ بہترین بولرز بن جائیں گے۔ 

پاکستان ٹیم آئندہ ماہ آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ 

اس مختصر دورے کے لیے بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے۔ 

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے سرفراز احمد کو کسی بھی فارمیٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا، تاہم ان کی جگہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ کے فرائض انجاب دیں گے۔

تازہ ترین