• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان کی تعمیر ہو یا اس کی تزئین نو، رنگ و روغن کے ذریعے آپ اپنے گھر کے بیرونی اور اندرونی حصوں کو ایک نئی دلکشی عطا کرسکتے ہیں۔ تاہم ا س میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کو ہر کمرے اور جگہ کی مناسبت سے درست رنگ کے پینٹ کا انتخاب کرنا ہوگا، تبھی جاکر بات بنے گی۔

اگر آپ رنگوں کے شیدائی ہیں اور مختلف رنگوں کو مِکس کرنا پسند کرتے ہیں یا پھر آپ نے برسوں سے گھر کی دیواروں پر سیدھا سادہ رنگ کررکھا ہے تو آج ہم ماہرین کی مدد سے آپ کی خدمت میں رنگ کا انتخاب کرنے سے لے کر پینٹ کرنے اور اس حوالے سے تجربات کرنے تک، آپ کی خدمت میں کچھ ضروری تجاویز اور مشورے پیش کررہے ہیں۔

دستیاب چیزوں کو ضائع نہ کریں

ڈیزائن کے معاملے میں ہر فرد کی اپنی پسند ہوتی ہے جبکہ سجاوٹ کے لیے ہر کسی کو خاص چیزیں ہی پسند آتی ہیں، تاہم پینٹ کے معاملے میں فیصلہ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اتنے سارے رنگ اور پھر ہر رنگ کے اَن گنت شیڈز، فیصلہ کرنا تو درکنار، آپشنز کو شارٹ لسٹ کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ آپ جس جگہ نیا رنگ و روغن کرنا چاہتے ہیں، وہاں پہلے سے موجود چیزوں سے مدد لیں۔ 

دیوار پر آپ کا کوئی پسندیدہ آرٹ پرنٹ لگا ہوا ہے، پس منظر میں کوئی شاندار ٹائل ہےیا کوئی پسندیدہ فرنیچر کا ٹکڑا ہے، آپ ان تمام چیزوں سے رنگوں کی رہنمائی لے سکتے ہیں۔ اپنی ان پسندیدہ چیزوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک ’موڈ بورڈ‘ تشکیل دیں اور پھر دیکھیں کہ آپ کا دل سب سے زیادہ کس رنگ کی طرف مائل ہوتا ہے۔ رنگ منتخب کرنے کے بعد اس کے شیڈز پر توجہ دیں۔

کمرے کا استعمال

ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آپ نے ایک جگہ کے لیے کچھ شیڈز شارٹ لسٹ کر لیے ہیں مگر اس کے بعد بھی آپ حتمی رنگ کا انتخاب نہیں کرپارہے تو ایسے میں آپ اس بات سے مدد لے سکتے ہیں کہ آپ اس جگہ کا کیا استعمال کریں گے۔ مثلاً اگر آپ لیونگ روم کی سجاوٹ کررہے ہیں تو وہاں پیلے یا گل یاس (Lilac) رنگ کا توانائی سے بھرپور شیڈ تفریحی مقاصد کے لیے جبکہ آرام اور پرسکون جگہ کے لیے سرمئی یا سبز رنگ کے شیڈز کا انتخاب بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔

دیوار پر پینٹ آزمائیں

ایک پینٹ کلر دیوار پر کس طرح لگے گا؟ اس کا اندازہ لگانے کے لیے کاغذ کے ٹکڑوں پر اپنے شارٹ لسٹ کیے گئے رنگ کریں اور ہر ایک ٹکڑے کو دیوار پر لگاکر نتائج دیکھیں۔ ہاں، یہ الگ بات کہ ایک رنگ کاغذ کے ٹکڑے پر الگ اور دیوار پر تھوڑا مختلف لگے گا۔ اس کے علاوہ، جس طرح دھوپ صبح سے لے کر شام تک اپنی جگہ بدلتی رہے گی، دیوار کا رنگ بھی اس کے مطابق گہرا اور ہلکا ہوتا رہے گا۔ 

لہٰذا بہتر نتائج کے لیے اپنے پسندیدہ رنگوں کو دیوار کے بڑے حصوں پر پینٹ کرکے دن کے مختلف اوقات میں اس کے شیڈز دیکھیں کہ وہی رنگ صبح، دوپہر، سہ پہر اور شام کے اوقات میں کیسا دِکھتا ہے۔ اس طرح آپ کو دن کی روشنی میں دیوار پر رنگ کے شیڈز کو بہتر طور پر جاننے کا موقع ملے گا۔

رنگوں میں ہم آہنگی

کچھ لوگ پورے گھر میں ایک تھیم کے مطابق سیٹنگ کرتے ہیں اور پینٹ کے رنگوں میں بھی تسلسل کے قائل ہوتے ہیں۔ وہ ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں رنگوں کو اس طرح لے کر چلتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کو بھرپور ستائش کرتے نظرآتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، پینٹ کے رنگوں کا انتخاب اور انھیں آپ پورے گھر میں کس طرح لے کر چلتے ہیں، اس کا دارومدار آپ کے مزاج پر ہوتا ہے۔ 

مثلاً، اگر آپ اوپن پلان پر کام کررہے ہیں، جہاں کچن، ڈائننگ اور لیونگ روم کھُلے اور ایک دوسرے کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیں تو ایسے میں ایک ہی پینٹ کلر کا انتخاب اس جگہ کو مزید کشادہ بنادے گا۔ اس کے برعکس، اگر آپ ہر کمرے کو علیحدہ دِکھانا چاہتے ہیں تو کنٹراسٹ رنگوں کا استعمال بہتر رہے گا۔ 

ماہرین کے مطابق، آپ ہر کمرے میں چاہے ایک ہی رنگ استعمال کریں یا کنٹراسٹ لیکن مولڈنگ اور لکڑی کی پٹیوں کا رنگ پورے گھر میں ایک ہی رکھیں، اس سے آپ کے گھر کی ایک شناخت قائم ہوتی ہے۔

رنگ و روغن برسوں برقرار رہنا چاہیے

پینٹ کو گھر کی تزئین و آرائش کا آسان طریقہ ضرور سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ہر سال نیا رنگ و روغن کروا پائیں گے۔ اگر معیاری رنگ و روغن کیا جائے تو وہ کئی برسوں تک اچھی حالت میں برقرار رہ سکتا ہے۔ لیکن اگر آپ جدت پسند ہیں تو ہر دو یا تین سال بعد نیا پینٹ کروایا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین