• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنکھوں کو بھاتے اور دل کو لبھاتے ’ٹائلز پیٹرن‘

اگر آپ سے پوچھا جائے کہ مکانات کی تعمیر میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا مواد بتائیں تو آپ کا جواب ٹائلز ہوسکتا ہے۔ سنگ مرمر سے بنے خوبصورت اور نت نئے ڈیزائن کے ٹائلز بے حد مقبول اور سب سےزیادہ اپنائے جانے والے ٹرینڈ میں سے ایک ہیں۔ یہی نہیں، کسی عام مواد سے تعمیر کروائے گئے فرش کی بنسبت ٹائلز دیکھنے میں زیادہ خوبصورت اور نفیس لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی صفائی بھی بے حد آسان ہوتی ہے۔

ٹائلز کی خصوصیات

مختلف ڈیزائن اور رنگوں کے ملاپ سے بنائے گئے ٹائلز کا کمال سجاوٹ کے حوالے سے بھی اپنی بہار دکھاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹائلز کیلئے منفرد اور خوبصورت ڈیزائننگ کے چناؤ میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق اچھے سنگ مرمر کی زندگی عام طور پر8سے 50سال تک ہوتی ہے کیونکہ اچھا سنگ مرمر تابکاری پر مشتمل نہیں ہوتا۔ 

یہ روشن اور گہرے رنگوں کے ساتھ انفرادی دیواروں اور زمین کی سجاوٹ میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ کے گھر کے لیے ٹائلز پیٹرن کیا ہونا چاہیے، اس حوالے سے چند تجاویز ذیل میں درج ہیں۔

رینڈم پیٹرن

بے ترتیب اور مختلف ڈیزائن لیے ’رینڈم اسٹائل ٹائل پیٹرن‘ میں انتخاب کی لمبی فہرست آپ کے پاس موجود ہے، جنہیںفرش کے ساتھ ساتھ دیواروںکی خوبصورتی بڑھانے کے لیے لگایا جاسکتا ہے۔ اس ڈیزائن کے لیے کوئی ایک جگہ مخصوص نہیں کی جاسکتی بلکہ ضرورت کے مطابق بطور سجاوٹ اسے بآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ 

گھر کے جس کمرے کو آپ کشادہ دکھانا چاہتے ہوں وہاں تین، چار یا اس سے زائد رنگوں پر مشتمل پیٹرن کا انتخاب کیجیے لیکن اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ یہ رنگ آپس میں ہم آہنگ ہوں ۔

رگس اسٹائل

گھروں میں اب قالین کے ساتھ ساتھ رگس بچھانے کا فیشن بھی خاصا اِن ہے، لیکن اگر آپ تھوڑی سی تخلیقی سوچ اپنائیں تو رگس کے علاوہ بھی کچھ نیا اور منفرد کیا جاسکتا ہے۔ 

بعض اوقات کسی گھر میں داخل ہوتے ہی لکڑی کے فرش پر خوبصورت رگ آپ کو خوش آمدید کہتا ہے لیکن غور کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ وہ رگ کے بجائے رینڈم پیٹرن اپنائے مسدس شکل(Hexagon) والے ٹائلز ہیں، جنہیں خوبصورتی سے لکڑی کے ساتھ نصب کیا گیا ہے۔ آپ بھی اس منفرد انداز کو اپنے گھر میں جگہ دےسکتے ہیں۔

موزائیک اور واٹر جیٹ ڈیزائن

اگر آپ اسٹون رگس کا انتخاب صرف اپنے باتھ روم کے لیے کررہے ہیں تو یقیناً آپ کچن کے ساتھ زیادتی کریں گے۔ آپ کچن کے لیے موزائیک یا واٹر جیٹ پر بنے ٹائلز کا چناؤ کرکے اسے دلچسپ بنا سکتے ہیں لیکن خیال رکھیں کہ ان سب کا انداز ایک سا ہی ہو مگر ان پر بنا ڈیزائن علیحدہ ہو۔ 

اوپن فلور کچن کے لیے واٹر جیٹ بہترین انتخاب ہوتا ہے مثلاًآپ کچن میں کسی ایک حصے کو باقی سب سے نمایاں کرنے کے لیے اس کے اردگرد بلیک آئس پھول ماربل استعمال کرسکتے ہیں۔ کچن کو مزید منفرد انداز دینے کے لیے آپ کچن کاؤنٹر کے چاروں اطراف موزائیک کے خوبصورت پتھروں کا استعمال کرسکتے ہیں ۔

ڈائمنڈ اسٹائل

ڈائمنڈ پیٹرن پر بنے ٹائلز کا استعمال فرش کی نسبت دیواروں پر زیادہ کیا جاتا ہے۔ یہ پیٹرن بھی دور حاضر کا ایک نیا ٹرینڈ ہے، جسے چوکور طرز کے ٹائلز کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پیٹرن تمام اقسام مثلاًموزائیک، سیرامک اور ماربل میں دستیاب ہے۔ 45ڈگری پر بنےماربل لے آؤٹ کو چوکور ٹائلز کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے، خاص طورپر جب آپ کو اپنی دیوار یا فرش کی چوڑائی کشادہ دکھانی ہو۔ 

کچن کاؤنٹر کے ارد گرد بھی اس ٹائل کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹائلز کے لیے منتخب ایریا کو مزید جاذب نظر بنانے کے لیے گہرے اور ہلکے رنگوں کے حسین ملاپ سے موڈ کو بہتر کرنےو الا ڈیزائن بھی بطور ٹرینڈ اپنایا جاسکتا ہے۔

نیچرل شمرپیٹرن

گھر کولگژری لُک دینے کے لیے گلا س ٹائلز ایک نیا ٹرینڈ ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں سرامک ٹائلز سے زیادہ مقبولیت حاصل کر گیا ہے۔ مارکیٹ میںگلاس ٹا ئلز کے مختلف سائز، رنگ اور شیپ دستیاب ہیں جو کہ عام سرامک ٹائلز سے کہیں زیادہ مہنگے ہوتے ہیں لیکن ان ٹائلز کی آرٹسٹک اور ہینڈی کرافٹ خصوصیات قیمتوں کے فرق پر بآسانی حاوی ہوجاتی ہیں۔ 

آپ گلاس ٹائلز کے چوکور اور بیضوی پیٹرن کا انتخاب کرتے ہوئے نیچرل شمر لک بآسانی تخلیق کرسکتے ہیں۔ آپ ان دونوں ٹائلز کو داخلی راستے، کچن کاؤنٹر کے آس پاس یا بیڈروم کے لیے منتخب کرتے ہوئے ایک خوبصورت ایریا تخلیق کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین