• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹپو جویری پاکستان انڈسٹری کے معروف فوٹوگرافر، جیولری ڈیزائنر اور ریڈیو میزبان ہیں جنہوں نے ملک کی مشہور شخصیات کی نایاب تصویریں لی ہیں۔

54 سالہ ٹپو جویری کا اصل نام مصطفی فارابی جویری ہے۔ 1974 سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے ٹپو اپنی فیلڈ میں خوب نام کما رہے ہیں۔

ٹپو نے اپنے کیرئیر میں شوبز انڈسٹری کی تاریخ کو اپنے کیمرے میں قید کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی و معاشرتی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھا۔

ٹپو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے فوٹوگرافی کیریئر میں لی گئیں پاکستان کی نامور شخصیات کی تصویریں ان کی کہانیوں کے ساتھ اپلوڈ کیں، اُن کی کچھ یادگار تصاویر یہ ہیں۔

1: عمران خان

ٹپو جویری کا اس تصویر کے بارے میں کہنا تھا کہ عمران خان کی یہ تصویر انہوں نے شوکت خانم کے آغاز سے قبل فنڈ ریزنگ مہم کے دوران جلسے میں لی۔

ٹپو کا کہنا تھا کہ 1993 میں انہوں نے عمران خان کی یہ تصویر اپنے میگزین ’ایکسٹرا‘ کے سرورق کے لیے کھینچی تھی۔

2: نصرت فتح علی خان

 نصرت فتح علی خان  کی یہ تصویر انہوں نے  90 کے دہائی میں ایک کنسرٹ کے  بیک اسٹیج پر لی تھی جہاں وہ تیار ہو رہے تھے۔

ٹپو کا اس تصویر کے بارے میں کہنا ہے کہ 1996 میں جم خانہ میں ایک کنسرٹ تھا اور میں واقعتاً اس کا فوٹو شوٹ کرنا چاہتا تھا لیکن منتظمین تھوڑا سا محتاط تھے۔

نصرت صاحب نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے  مجھ سے پوچھا کہ کیا تمہارے پاس کوئی کُرتا ہے؟

میرے پاس کوئی کرتا نہیں تھا، نصرت صاحب نے کُرتے کا انتظام کروا کر مجھے اپنے ساتھ اسٹیج پر بٹھا دیا۔

3: ثمینہ پیرزادہ

ثمینہ پیرزادہ کی یہ تصویر ٹپو جویری نے  لاہور کے کرسچن قبرستان میں کھینچی تھی۔

اس تصویر کے بارے میں ٹپو کا کہنا ہے کہ میں اس طرح کی ایک تصویر لینا چاہتا تھا اور مجھے اس کے لیے ثمینہ بہترین انتخاب نظر آئیں۔

اس تصویر کے لیے ٹپو اور ثمینہ صبح 5 بجے قبرستان کی طرف روانہ ہوئے اور یہ تصویر کیمرے میں محفوظ کی۔

4: انور مقصود حمیدی

انور مقصود کی یہ تصویر ٹپو جویری نے اپنی پہلی کتاب کے لیے کھینچی جو پاکستان کے مشہور و معروف لوگوں کے پورٹریٹس کا مجموعہ تھی۔

ٹپو کا کہنا ہے کہ انور صاحب ایک انتہائی شرمیلے انسان ہیں، تصویر کھنچواتے وقت انہوں نے ٹپو سے اصرار کیا کہ ان کی تصویر کے ساتھ کچھ ڈال دیا جائے تو ٹپو نے پنجرے کو بیچ میں ڈال کر اپنی تصویر کشی کی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

ٹپو نے یہ بھی بتایا کہ اس تصویر لینے کے دوران انور مقصود نے انہیں بہت سی غزلیں بھی سنائیں۔

5: شان شاہد

پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار شان شاہد کی یہ تصویر ٹپو نے 1994 میں اپنے میگزین ایکسٹرا کے سرورق کے لیے لی تھی۔

ٹپو نے اس تصویر کے بارے میں کہنا ہے کہ انہوں نے یہ تصویر فیصل آباد موڑ یا لاہور کنال پر لی تھی۔انہوں نے کہا کہ تصویر میں ایک پُرسکون سا ماحول دکھائی دے رہا ہے جبکہ اس کے برعکس یہاں شان کے چاہنے والوں کا مجمع موجود تھا۔

6: امجد صابری

معروف صابری قوال امجد صابری کی یہ تصویر ٹپو نے  2014 میں انڈس ویلی اسکول کراچی میں قوالی کی محفل کے دوران لی تھی۔

7: ندیم بیگ

2000 میں لی گئی ندیم بیگ کی اس تصویر کی کہانی بتاتےہوئے ٹپو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اس لیجنڈ کی تصویر لینے کی انہوں نے کئی بار کوشش کی مگر وہ شرمیلی طبیعت کے باعث وہ ٹپو کو تصویر لینے سے منع کرتے تھے۔

ٹپو نے بتایا کہ اُن کی ندیم بیگ کے بیٹے فیصل سے دوستی تھی، ایک شادی کی تقریب میں جانے کے لیے تیار ہوئے ندیم بیگ کو اُن کے بیٹے نے تصویر لینے کے لیے راضی کیا۔ سوٹ میں ملبوس ندیم بیگ کی یہ تصویر ٹپو نے اُس وقت لی۔

8: ریما

معروف فلم اسٹار ریما کی یہ تصویر ٹپو نےاپنی کتاب ُدو رخ‘ کے لیے لی تھی۔

انہوں نے ریما کی یہ تصویر پی سی ہوٹل کی لابی میں کھینچی تھی، جب وہ انتہائی اداس دکھائی دے رہی تھیں، ایسے میں ٹپو نے انہیں لابی سے باہر جھانکنے کو کہا اور  ٹپو نے یہ تصویر لی۔

9: معین اختر

پاکستان کے لیجنڈ اداکار و میزبان معین اختر کی یہ تصویر ٹپو نے 1997 میں لی تھی۔

10: نازیہ حسن

برصغیر میں پاپ میوزک انڈسٹری کو نئی جہت فراہم کرنے والی پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ نازیہ حسن کی یہ تصویر 1993 میں ایک میک اپ سیلون کے لئے لی گئی تھی۔

ڈسکو دیوانے گرل نادیہ حسن کی یہ واحد تصویر ہے جو اب تک ٹپو کے پاس محفوظ ہے۔

ٹپو نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے اسٹوڈیو میں آگ لگ جانے کی وجہ سے کافی تصویریں جل گئیں تھیں۔

11: نور جہاں

میڈم نور جہاں کی یہ تصویر ٹپو نے اچانک لی جب وہ میک اپ کرنے میں مصروف تھیں۔


ٹپو کا کہنا تھا کہ میڈم کا فوٹو شوٹ کرنا اُن کا سب سے بڑا خواب تھا۔ ٹپو نے میڈم نورجہاں کا اُن کی پوتی سونیا جہاں کے ساتھ یہ فوٹو شوٹ 1994 میں اپنے میگزین ایکسٹرا کے لیے کیا۔

12: نادیہ جمیل


1996 میں لی گئی ہنستی کھلکھلاتی نادیہ جمیل کی تصویر بھی شیئر کی۔

13: جنید جمشید

دل دل پاکستان جیسا شہرہ آفاق ملی نغمہ گانے والے جنید جمشید کی یہ تصویر 1990 کی ہے۔

جنید جمشید کی یہ تصویر شیئر کرتےہوئے ٹپو نے لکھا کہ جنید جمشید کے بینڈ ’وائٹل سائنز‘ کے لیے انہیں کوئی منفرد تصویر درکار تھی۔

انہوں نے اس تصویر کو منفرد بنانے کے لیے 1990 میں سی وی یو کے قریب ایک تعمیراتی عمارت میں یہ تصویر لی۔


انہوں نے اپنی ایک پوسٹ میں 1997 میں جنید جمشید کے ایک کانسرٹ کے دوران لی گئی تصویر بھی شیئر کی۔

تازہ ترین