• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ اپنے مکان کی دیکھ بھال نہیں کریں گے تو اس کی قدر و قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔ یہ بھی ضروری نہیں کہ آپ مکان کی تزئین و آرائش کے اقدامات اس کی فروخت کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں بلکہ آپ یہ انقلابی اقدامات گھر کو ایک نیا انداز بخشنے کے لیے بھی کرسکتے ہیں۔ 

اس طرح آپ کے اہل خانہ بھی خوش ہوںگے اور انھیں کچھ نئی طرزِ رہائش ملے گی۔ کسی بھی گھر کی تزئین نو میں سب سے پہلا خیال کچن کا آتاہے، تاہم اس کے دیگر گوشے بھی ہیں جن پر نظر ثانی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ گھر کی بیرونی آرائش سے لے کر اندرونی تزئین نو تک بہت کچھ سوچا جاسکتا ہے۔

اسٹرکچرل مسائل حل کریں

اپنےگھر کو قابل قدر بنانے کیلئے اس کے اسٹرکچرل مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں ،جیسے کہ نئے کچن یا باتھ روم کی تعمیر یا تزئین نو کا ایسا کوئی کام جسے پہلے پہل کرناضروری ہو۔ اسٹرکچرل مسائل میں فرش کا بیٹھ جانا، انڈر گرائونڈ وائرنگ یا نکاسی آب وغیرہ کی خرابی بھی شامل ہوتی ہے، درستگی کے مرحلے میں ان مسائل کو خاص طور پر حل کرنا چاہئے۔ 

اس کے علاوہ چھت ٹپکنا، ہوا کی آمد ورفت میں رکاوٹ ، دیواروں کی دراڑیں، گرتی ہوئی دیوار یں، لکڑی میں دیمک، ماربل کا اُکھڑنا اور دروازوں کھڑکیوں میں زنگ لگنا وغیرہ بھی شامل ہیں ۔ اگر آپ کے گھر میں اس قسم کے مسائل نہیں ہیں تو گھر کو بیرونی طور پر دلکش بنانے کیلئے آپ کسی بلڈر، سرویئر یا اسٹرکچرل انجینئر کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔

سینٹرل ہیٹنگ سسٹم کی درستگی

اگر آپ کو گھر میں کسی قسم کی تزئین نو کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، تو اپنے گھر کے مرکزی ہیٹنگ سسٹم پر غور کریں۔ ہوسکتاہے کہ پرانا گھر ہونے کے باعث اس کے مرکزی ہیٹنگ سسٹم کواَپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہو۔ اگر آپ اپنے گھر کے مرکزی ہیٹنگ سسٹم کو اَپ ڈیٹ کرلیں گے تو اس سے آپ کے گھر کی قدر وقیمت میں مزید اضافہ ہوجائے گا اور آپ کا گھر پہلے سے زیادہ انرجی ایفیشنٹ کہلائے گا۔ اس کیلئے آپ کو ذیل میں درج اقدامات کرنے کی ضرورت ہوگی۔

٭ گھر کے دروازوں اور کھڑکیوں کے ارد گرد موجود رخنوں کو بھریں کیونکہ ان سے باہر کی حرارت اندر آتی ہے اور اندر کی باہر جاتی ہے۔

٭ ایسی کھڑکیاں جن کی مرمت نہیں ہوسکتی ، انہیں تبدیل کروالیں ۔

٭ اپنے گھر کا انسولیشن سسٹم بہتر کروائیں، خاص طور پر کچن میں لگے ایگزاہسٹ فین کو قابل استعمال حالت میں رکھیں، اگرو ہ کا م نہیں کر رہا تو اسے بھی تبدیل کردیں۔

آرائشی اقدامات

گھر میں آرائشی اقدامات کرنے سے آپ کے گھر کی قدر وقیمت میں اضافہ ہوتاہے۔ چھوٹے چھوٹے آئیڈیاز کے ساتھ آپ گھر میں بڑی تبدیلیاں لا سکتے ہیں لیکن اس سے پہلے آپ کو جاننا ہوگا کہ گھر میں کس قسم کے مسائل ہیں ، جیسے

٭ دیواروں کا پینٹ اترنا

٭ درازے اور کھڑکیاں کھلنے اور بند کرنے میں مشکل پید ا ہونا

٭ کچن اور باتھ روم کا فرش اکھڑنا

٭ نل ٹپکنا

٭ کھڑکیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا

٭ چھت کا پلاسٹر اکھڑنا

ان تمام مسائل کو حل کرکے آپ گھر کے اند ر خودہی ایک اچھی تبدیلی محسوس کریں گے ۔

دوبارہ وائرنگ کروائیں

گھروں میں وائرنگ او ر پلمبنگ کے مسائل سر اٹھاتے ہی رہتے ہیں اور ان کاموں کے لیے فرش اور دیواروں کا پلستر اُکھاڑنا پڑتا ہے۔ اسی لیے اگرآپ گھر کو دلکش بنانے کے اقدامات کررہے ہیں تو پہلے ان مسائل کو حل کرلیں ، کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ تزئین نو پر کافی خرچہ کرلیں لیکن بعد میں آپ کو یہ سب چیزیں دوبارہ بنوانی پڑیں۔ 

عموماً بجلی کی وائرنگ کو چھیڑنے کی سالہا سال ضرورت نہیں پڑتی لیکن اگر وائرنگ کے حوالے سے کچھ خدشات یا تحفظات ہیں، تو پہلی فرصت میں اسے ٹھیک کروالیں۔ وائرنگ کرواتے وقت اضافی ساکٹ ضرورلگوائیں تاکہ ایکسٹینشن وائر کے استعمال کی ضرورت کم سے کم پڑے۔ وائرنگ کیلئے ہمیشہ خالص کاپر وائر استعمال کریں۔ اگر آپ وائرنگ دوبارہ کرواررہے ہیں تو گھر کے فین اور لائٹوں کو بھی درست کروالیں۔

کچن میں ترمیم

کچن کیلئے آپ خاص طور پر ڈیزائن کردہ پکے اوراصل دکھائی دینے والے وال پیپرز خرید سکتے ہیں، جو آپ کے کچن کو کم بجٹ میں خوبصورت بنا دیں گے۔ مختلف رنگوں، فنشنگ اور ٹیکسچر کو خوبصورتی کے ساتھ ملا کر یہاں بہت ساری اقسام کی لکڑی کا استعمال بھی کیا جاسکتاہے، اس طرح یہ کلاسک بھی لگے گا اور جدید بھی۔

اگر آپ کا اوپن کچن ہے تو پھر لکڑی کا استعمال نا صرف کچن کے اندر کریں بلکہ اس کے ارد گرد کی جگہ پر بھی لکڑی استعمال کریں تاکہ پوری جگہ ایک جیسا منظر پیش کرے۔ خوبصورت پیٹرن والے سرامکس یا ٹائلز، فرش کے ساتھ مل کرکچن کو زبردست ونٹیج انداز دے سکتے ہیں اور ایسا کرنے سے اس کا جدید اسٹائل بھی متاثر نہیں ہوتا۔

تازہ ترین