• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی نئی اُبھرتی ہوئی اداکارہ زباب رانا کا کہنا ہے کہ اُن کی فیملی کو اُن کی اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، وہ اُن کے ڈرامے دیکھتے ہی نہیں ہیں۔

نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ زباب رانا نے بتایا کہ وہ خود کو پیدائشی آرٹسٹ کہتی ہیں۔ اُن کا کہناہے کہ اداکاری ایک خداداد صلاحیت ہے، جسے سیکھنے کے لیے کسی اکیڈمی میں داخلہ نہیں لینا پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ اس کی مثال ’دلیپ کمار، ندیم بیگ، وحید مراد، شبنم اور زیبا ہیں۔ جنہوں نے کسی اکیڈمی سے اداکاری کی تربیت حاصل نہیں کی بلکہ اس کے باوجود طویل عرصے تکفن کی دُنیا پر راج کیا۔

3جون 1988 کو لاہور میں پیدا ہونے والی زباب رانا نے شہرت کی بلندیاں چھونے کا خواب پورا کرنے کے لیے ٹیلی ویژن انڈسٹری کا انتخاب کیا۔ کچھ عرصے بعد وہ کراچی آگئیں اور پہلا ڈراما سیریل ’’نصیبوں جلی‘‘ کیا جس نے اُنہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔

بعدازاں انہوں نے ایک کے بعد ایک سیریل میں یادگار کردار ادا کیے، جن میں ڈراما سیریل ’میرے خدایا، بندش، محبوب آپ کے قدموں میں، رشتے بکتے ہیں‘ شامل ہیں۔ زباب نے کئی منجھے ہوئے فنکاروں کے سامنے جم کر اداکاری کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

زباب رانا نے بتایا کہ اُنہیں مقبول ڈراما سیریل ’میرے خدایا‘ میں بہترین پرفارمینس پر ’لکس اسٹائل ایوارڈ‘ کے لیے بھی نامزد کیا گیاتھا۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ میری فیملی کو میری اداکاری سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، وہ میرے ڈرامے دیکھتے ہی نہیں ہیں۔ اپنی بہترین ناقد، میں خود ہی ہوں۔

اپنے بچپن کا ایک قصہ یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میرا اسکول میں دل نہیں لگتا تھا، میری کوشش ہوتی تھی کہ کلاس سے غائب ہوجاؤں ۔ ایک دن میں نے ایسا ہی کیا، میری والدہ مجھے اسکول چھوڑ کر گئیں، میں چونکہ پڑھائی میں کم زور تھی، تو ٹیچر مجھے کلاس میں سب سے آگے بٹھاتی تھیں، جیسے ہی ٹیچر بچوں کی کاپیزچیک کرنے پیچھے کی جانب گئیں،میں کلاس سےنکلی اور سیدھی گھر آگئی۔

امی نےگھر جلدی آنے کا پوچھا تو انہیں کہہ دیا کہ اسکول کی جلدی چھٹی ہوگئی ہے۔

دوران انٹرویو شادی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب کوئی اچھا لڑکا مل گیا، شادی کرلوں گی۔ میں ایسا نہیں سوچتی کہ 40برس کی ہوکر شادی کروں گی۔ جو مجھے پسند کرتا ہو، مجھ سے مخلص ہو۔ میرا خیال رکھے، بس ایسا ہی جیون ساتھی چاہیے۔

اس کے علاوہ اُن کا کہنا تھا کہ وہ سنجیدہ اور رومانی گیت شوق سے سنتی ہیں جبکہ انہیں اُستاد نصرت فتح علی خان، شفقت امانت علی، راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کےگانے بےحد پسند ہیں۔

تازہ ترین