• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں بھی شکست، سیریز آسٹریلیا کے نام

پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں بھی شکست، سیریز آسٹریلیا کے نام


پہلے پاکستانی بیٹسمینوں کی سست بیٹنگ اور پھر بولرز کی غیر متاثر کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا نے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز دو۔صفر سے اپنے نام کرلی۔

پرتھ میں بیٹسمینوں کی سست رفتار بیٹنگ کے باعث پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 107 کا ہدف دیا جو کینگروز نے 11 اعشاریہ 5 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔

ایرون فنچ 52 اور ڈیوڈ وارنر 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

یہ تیسرا موقع ہے جب پاکستان کو ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 10 وکٹوں سے شکست ہوئی ہے۔

پاکستانی بیٹسمینوں کی سست رفتاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ میچ کی 120 گیندوں میں سے 61 پر کوئی رن نہیں بنا۔

افتخار احمد 45 اور امام الحق 14 رنز کے سوا کوئی بھی پاکستانی بلے باز ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔

پاکستان کا آسٹریلیا کو ہدف

اس سے قبل  آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز کپتان بابر اعظم اور سیریز میں پہلا میچ کھیلنے والے امام الحق نے کیا۔

میچ کے دوسرے اوور کی دوسری بال پر کپتان بابر اعظم 6 رن بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بنے ان کے بعد ون ڈاؤن کی پوزیشن پر آنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اگلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین چلتے بنے۔

15 کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹ گِر جانے کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود امام الحق 14 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس کے بعد حارث سہیل اور افتخار احمد نے ایک اچھی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 54 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔

حارث سہیل کی شکل میں پاکستان کی چوتھی وکٹ گری وہ 8 رنز ہی بنا سکے، ا س کے بعد ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ بیٹنگ کے لیے آئے تاہم وہ بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 8 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوگئے۔

افتخار احمد کا ساتھ دینے کے لیے عماد وسیم آئے اور 6 رن بنا کر چلے گئے، ان کے بعد آنے والے شاداب خان صرف ایک قیمتی رن بنا سکے۔

ٹیم کے ٹاپ اسکورر افتخار احمد 45 رنز بنا کر رچرڈسن کا شکار بنے، جبکہ محمد عامر 9 اور حسنین 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر رچرڈسن رہے انہوں نے 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، اسٹارک اور ایبٹ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ ایشٹن ایگر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

تازہ ترین