• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
محمد آصف اسنوکر ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئے
محمد آصف نے 2012ء میں انگلینڈ کے کھلاڑی کو شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

پاکستانی ٹاپ سیڈ محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کے کھلاڑی کرٹسنٹ لرٹساتایا تھرون کو سات۔صفر سے شکست دیکر انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

وہ دوسری بار ٹائٹل جیت کر پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کرسکتے ہیں۔

یہ پاکستان اسنوکر کی تاریخ میں چوتھا موقع ہے جب کوئی کھلاڑی دنیا کے ٹاپ ایونٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ اس سے قبل محمد یوسف اور محمد آصف نے چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

صالح محمد فائنل میں پہنچے لیکن بھارت کے پنکج ایڈوانی سے وہ مقابلہ جیت نہ سکے اور اب چوتھی بار محمد آصف فائنل میں پہنچ ہیں۔

محمد آصف نے 2012ء میں بلغاریہ کے شہر صوفیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے کھلاڑی کو شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ترکی کے شہر اناطولیا میں جاری انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں محمد آصف مقابلے کی ابتداء سے ہی کھیل پر چھائے رہے اور بیسٹ آف تھرٹین کے ابتدائی ساتوں سیٹ میں کرٹسنٹ لرٹسا تایا تھرون کو 0-7 سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی اس طرح ایونٹ میں پاکستان کا سلور میڈل پکا ہو گیا ہے۔

کوارٹر فائنل میں بھی محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کے تھانا وت تھراپونگ پائی بون کو 4-6 سے زیر کیا تھا۔

محمد آصف کی شاندار کارکردگی پر پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے شریک چیئرمین اور ایشین اسنوکر کے سینئر نائب صدر عالمگیر شیخ نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد آصف کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

پی بی ایس اے کے صدر منور شیخ نے بھی محمد آصف کے شاندار کھیل پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ محمد آصف مسلسل عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور امید ہے کہ وہ ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

تازہ ترین