• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشرے میں جرائم کے خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال لازم و ملزوم ہوگیا ہے۔ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے ذہن میں وکٹم سپورٹ یونٹ (Victim Support Unit)کے قیام کا خیال آیا۔ اس مقصد کے لیے ایس ایس پی آفس میں ایک ڈیسک قائم کی گئی، عملہ تعینات کیا گیااور انہیںفرائض و ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

مختصر وقت میں بہترین نتائج سامنے آئے، منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں سمیت ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ، شراب ، چرس، بھنگ، پان پراگ،، گٹکا ودیگر مضر صحت و ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئیں۔ قتل کے مقدمات میں مطلوب 51 ملزمان کو بھی گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کیا گیا، وکٹم سپورٹ یونٹ کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بالا حکام نے سندھ کے دیگر اضلاع کے پولیس افسران کو بھی اسی طرز پر یونٹ قائم کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق اس ادارے کے موٹو،’’ پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی‘‘، کے تحت محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈاکوؤں، جرائم پیشہ، سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کے ساتھ عوام کو بروقت انصاف و تحفظ فراہم کرنے اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے نئے آئیڈیاز پر کام کیا جارہا ہے، جن کا مقصد عوام کو درپیش مشکلات کا بروقت و فوری خاتمہ اور شکایات کا ازالہ یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں رواں سال جنوری میں ضلع سکھر میں پولیس کی جانب سے ایس ایس پی آفس میں وکٹم سپورٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا، سندھ بھر میں پہلی بار ضلع سکھر میں اس طرز کا یونٹ قائم کیا گیا، جس کا مقصد عوامی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کرنا اور مختلف نوعیت کے معاملات کو احسن انداز سے انجام تک پہنچا کر متاثرین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وکٹم سپورٹ یونٹ میں 5 مختلف ڈیسک قائم کی گئی ہیں،۔

ہر ڈیسک کے لئے الگ ٹیلیفون نمبر الاٹ کیے گئے ہیں اور ہر ڈیسک پر 2 آپریٹر تعینات کئے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری طو رپر متعلقہ افسران کو بتایا جاتا ہے اور وہ خصوصی دل چسپی کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے معاملے کو خوش اسلوبی سے انجام تک پہنچاتے ہیں۔دس ماہ کے دوران وکٹم سپورٹ یونٹ کی بہترین کارکردگی کی بدولت پولیس کو کافی مدد ملی ہے، اس یونٹ کے ذریعے کی جانے والی تحقیقات و معلومات کے ذریعے مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 157 منشیات فروشوں، 625 جواریوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 71 ملزمان شامل ہیں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان سے 52 پستول، ایک ریوالور، ایک کلاشنکوف، 71رائفل برآمد ہوئی۔منشیات فروشوں کے قبضے سے 369 لیٹر شراب، 70 لیٹر کچی شراب، 750 کلو گرام بھنگ، 5ہزار سے زائد گٹکا کے پیکٹس، مضر صحت چھالیہ ودیگر نشہ آور اشیاء برآمد ہوئی جو کہ پولیس نے ضبط کرلیں۔ 

حدود آرڈیننس کے تحت 85 مقدمات درج اور 99 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ قتل کے 43 مقدمات درج ہوئے، جن میں 87 افراد کو نامزد کیا گیا، تحقیقات کے بعد 51 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور آلہ قتل برآمد کرکے 24 مقدمات کا چالان عدالت پیش کیا گیا۔ ضلع بھر میں 157 روڈ ایکسیڈنٹ میں 69 افراد جاں بحق، 203 افراد زخمی ہوئے، ان مقدمات میں 114 فریقین کو صلح نامے کے لئے بلایا گیا اور 100پارٹیز کے درمیان افہام و تفہیم سے معاملہ کو ختم کرایا گیا جب کہ ٹریفک حادثے کے 14 واقعات میں فریقین کوہرجانہ دے کرراضی نامہ کرایا گیا۔

ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے بتایا کہ وکٹم سپورٹ یونٹ کے قیام سے بہت سے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں پولیس کو بڑی مدد ملی، اس سسٹم کے ذریعے ہی مختلف مہم و پروگراموں میں سندھ بھر کے اضلاع میں متعدد بار سکھر پولیس کا پہلا نمبر آیاہے۔ آئی جی سندھ سید کلیم امام کی جانب سے وکٹم سپورٹ یونٹ کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے اور سندھ کے دیگر اضلاع کے پولیس افسران کو بھی اسی طرز پر یونٹ قائم کرکے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور عوام و پولیس کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جو کہ سکھر پولیس کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض احسن انداز سے انجام دے رہے ہیں۔ 

ضلع بھر کے تمام تھانہ انچارجز و پولیس افسران کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈاکوؤں کے علاوہ سماجی برائیاں پھیلانے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں تاکہ نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔

دوسری جانب شہری و عوامی حلقوں نے وکٹم سپورٹ یونٹ کے قیام اور اس کے تحت ملزمان کی گرفتاریوں سمیت دیگر معاملات کے مثبت نتائج سامنے آنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ڈاکوؤں و جرائم پیشہ عناصر کی سوفیصد گرفتاری کو یقینی بنانے کے لئے نت نئے آئیڈیاز پر کام کیا جارہا ہے جو خوش آئند ہے۔کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے دور میں معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی معاون ثابت ہورہا ہے۔ 

ایسے مسائل یا معاملات جو کہ پہلے دنوں میں حل ہوا کرتے تھے اب وہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت گھنٹوں میں حل ہورہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کو ذہانت و مہارت کے ساتھ بہتر انداز سے استعمال کیا جائے تو اس کے نتائج اچھے ہی برآمد ہوں گے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے اپنے دفتر میں وکٹم سپورٹ یونٹ کا قیام عمل میں لاکر عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا ہے، پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اس طرح کے اقدامات سے عوام اور پولیس کے درمیان دوریاں ختم ہورہی ہیں اور عوام کا پولیس پر اعتماد بھی بحال ہورہا ہے۔ امید ہے کہ پولیس اسی طرز پر اپنے فرائض کی ادائیگی کرتی رہے گی اور معاشرے سے جرائم پیشہ عناصر کا مکمل قلع قمع کیا جائیگا۔

تازہ ترین
تازہ ترین