• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

٭…ذکی طارق ، اترپردیش، بھارت…٭

ہر کام میں سنّت ہو، جینا ہو تو ایسا ہو

ہو صلّی علیٰ لب پر، مرنا ہو تو ایسا ہو

کونین ہو شاہی میں، رُتبہ ہو تو ایسا ہو

اور فاقے پہ ہو فاقہ، تقویٰ ہو تو ایسا ہو

ابوبکر ؓنے اپنے لیے کچھ بھی نہ رکھا گھر میں

اللہ کے رستے میں، صدقہ ہو تو ایسا ہو

سرکارِ مدینہؐ کے کردار کا کیا کہنا

قائد ہو تو ایسا ہو، آقا ہو تو ایسا ہو

زخموں سے بدن چھلنی اور تیغِ قضا سر پر

در بارگہِ ربّی، سجدہ ہو تو ایسا ہو

والّیل کہیں جس کو، والشمس کہیں جس کو

گیسو ہوں تو ایسے ہوں، چہرہ ہو تو ایسا ہو

سُنتے ہی خبر اپنے دانتوں کو اُکھاڑا ہے

جو عشقِ محمدؐ کا سودا ہو تو ایسا ہو

جیسا تھا صحابہؓ کا، جیسا تھا خلفاءؓ کا

سرکارِ دوعالمؐ سے رشتہ ہو تو ایسا ہو

تازہ ترین