• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

وہ پانچ اشیا جو خالی پیٹ انتہائی نقصاندہ ہیں

جس انداز میں آپ اپنے دن کا آغاز کرتے ہیں وہ پورے دن آپ کے جسم میں ہونے والے مختلف افعال پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اگر آپ دن کا آغاز صحت مند انداز میں کرتے ہیں تو یہ صحت مند رہنے کا بہترین طریقہ ہے۔اور اس حوالے سے صبح کے ناشتے کو خوراک کے حوالے سے دن کا سب سے اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔

لہذٰا صحت مند رہنے کے لیے آپ کو صحت بخش ناشتے کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ایک صحت بخش ناشتہ آپ کے وزن کوکم کرنے، خون میں شوگر کی سطح کو گھٹانے اور دن بھر آپکو توانا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اور یہ ساتھ ہی آپکو نظام انہضام کے مسائل سے بھی دور رکھتا ہے۔

چند خوراک کو ناشتے کا حصہ بنانے کے علاوہ آپکے لیے ضروری ہے کہ آپ چند ایک کھانے پینے کی اشیا سے اجتناب بھی برتیں۔ کچھ خوراک ایسی ہیں جوکہ خالی پیٹ کھانے بالخصوص صبح ناشتے میں لینے سے بہت سے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں، لہٰذا انہیں خالی پیٹ نہیں استعمال کرنا چاہیے۔ان کی تفصیل درج ذیل ہے۔

  ترش پھل یا خوراک:

  ترش پھل گو کہ وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں، لیکن انکا استعمال درست وقت پر کرنا چاہیے۔ کیونکہ ترش خوراک یا پھل میں تیزابی عنصر شامل ہوتے ہیں، لہٰذا یہ معدے سے تعلق رکھنے والے بہت سے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔

سب سے عام مسئلہ جو یہ پیدا کرسکتے ہیں ان میں گیسٹرک السر یا معدہ میں تیزابیت جیسے مسائل شامل ہیں، اس لیے ترش پھل یا خوراک صبح سویرے استعمال نہیں کرنا چاہئے اور اسے دن کے کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھنا چاہیے ۔

مرچ مصالحے والی خوراک:

مرچ مصالحے آپکے کھانوں کو تو مزیدار کردیتے ہیں مگر انہیں خالی پیٹ استعمال کرنے سے معدے میں گڑبڑ ہوجاتی ہے۔ یہ آنتوں میں سوزش کا باعث بھی بنتے ہیں۔ لہٰذا اگر ناشتے میں آپ کے کھانے مرچ اور مصالحوں سے بھرپور ہونگے تو یقیناً آپکو دن بھر معدے کی تکالیف کا سامنا رہے گا۔ اور یہ سلسلہ اگر پابندی سے جاری رہے تو پھر یہ السر کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

کولڈ ڈرنکس یا ڈبہ بند جوس:

انہیں عمومی طور پر کاربونیٹیڈ ڈرنکس بھی کہا جاتا ہے اور یہ صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوتے ہیں۔ بہت سے لوگ دن کے کسی بھی وقت اس قسم کے ڈرنکس استعمال کرتے ہیں۔

کاربونیٹیڈ ڈرنکس کے استعمال سے جس قدر ممکن ہو بچا جائے اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں شکر بہت زیادہ ہوتی ہے جبکہ غذائی طور پر جزو بدن بننے والی اشیا اس میں بالکل بھی نہیں ہوتیں، اور سب سے بڑی خرابی اس میں  شامل چینی ہے۔

چینی کا بہت زیادہ استعمال جوکہ کاربونیٹیڈ ڈرنکس میں بڑی مقدار میں ہوتی ہے، صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ اسلیے ان کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے، بالخصوص ناشتے میں تو اسے بالکل بھی استعمال نہیں کرنا چاہیے، اسکے بجائے آپ یہ کرسکتے ہیں کہ بغیر چینی کے تازہ پھلوں کا جوس ناشتے میں استعمال کریں۔

ٹماٹر:

ٹماٹر میں ٹینیک ایسڈ (تیزاب کی ایک قسم) بہت زیادہ پائی جاتی ہے، اور اسے خالی پیٹ میں استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ اور نظام ہضم کو بہتر رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ صبح سویرے خالی پیٹ ناشتے میں ٹماٹر استعمال نہ کیاجائے۔

بہت زیادہ میٹھی اشیا:

بہت زیادہ میٹھی اشیا کھانا صحت کے لیے کافی  نقصاندہ ہوتا ہے۔ اپنی خوراک سے چینی کاخاتمہ کرکے آپ بہت سارے صحت مندانہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ اس لیے آپ اپنے ناشتے میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ چینی کا استعمال نہیں کرینگے، اسلیے کھانے پینے کی ان اشیا کو ہٹادیں جو چینی سے بھرپور ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین