• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دروازے کسی بھی تعمیراتی اسٹرکچر کا اہم حصہ تسلیم کیے جاتے ہیں، بنیادی طور پر گھروں میں ان کا استعمال پرائیویسی اور تحفظ کے پیش نظر کیا جاتا ہے۔ یوں کہہ لیں کہ دروازوں کے بغیر کسی بھی گھر کی تعمیر یا تزئین نو کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا۔ دروازوں کی اسی اہمیت کے پیش نظر بازار میں ان کی ایک سے زیادہ اقسام دستیاب ہیں لیکن ان میں سب سے زیادہ مانگ لکڑی سے بنے دروازوں کی ہے۔ 

تعمیراتی ماہرین لکڑی کے دروازوں کو عمدہ ذوق کی علامت قرار دیتے ہیں، ان کے مطابق دیگر مواد کے برعکس لکڑی کے دروازے زیادہ پائیدار، انسولیٹڈ اور مضبوط ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر بنائے گئے نقش ونگار گھر کی دلکشی کا اہم عنصر تسلیم کیے جاتے ہیں۔ تاریخی ورثے میں بھی لکڑی کے دروازوں پر بنائے گئے نقش و نگار خاص اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ زیر نظر مضمون میں ہم دروازوں کے مختلف ڈیزائن کا ذکر کرنے جارہے، جو دوران تعمیرآپ کی رہنمائی کریں گے۔

ووڈن گرافکس ڈور

دور جدید کے دروازے بھی کریٹویٹی سے محروم نہیں۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق مستقبل میں دروازوں پرنقش ونگاری سے زیادہ گرافکس ورک خاصا عام ہوجائے گا۔ خوبصورت گرافکس کے ساتھ بنوایا گیا لکڑی کا سنگل دروازہ آپ کے گھر کے کمپیوٹر روم یا بچوں کے بیڈروم میں خوبصورتی، دلکشی اور انفرادیت پیدا کرسکتا ہے۔ ووڈن گرافکس ڈو ر میں کسی مخصوص رنگ کے بجائے مختلف رنگ دروازے کی زینت بنائے جاتے ہیں ۔

میپل ووڈن ڈور

لکڑی کے نت نئے اور منفرد ڈیزائن، مختلف اقسام کی لکڑی کے ساتھ تعمیر کیے جاتے ہیں، ان میں سے ایک قسم میپل کی لکڑی ہے۔ میپل ایشیا میں پائے جانے والے درختوں کی ایک قسم ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کی لکڑی سے بنائے گئے دروازوں کی قیمت بھی مناسب ہوتی ہے۔ معیار میں عمدہ اور قیمت میں مناسب ہونے کے سبب گزشتہ کئی برسوں سے گھروں کی تعمیر کے دوران میپل کی لکڑی کے دروازے نصب کروائے جارہے ہیں۔ 

ان دنوں ڈیزائن میں ایک نیا اضافہ میپل ووڈ گلاس پینل کا ہے، دروازے کے عین وسط میں گلاس پینل کا اضافہ کمرے کو ایک ماڈرن لُک دیتا ہے۔ اگرآپ لیونگ روم یا اینٹرنس وغیرہ کے لیے میپل ڈور کا انتخاب کررہے ہیں تو بڑی جگہ کے باعث دروازے کے دونوں اطراف بھی گلاس پینل نصب کروائے جاسکتے ہیں۔

ووڈن فریمنگ گلاس ڈور

اگرچہ لکڑی کے دروازوں میں سے کسی ایک قسم کا انتخاب کمرے کے ماحول کی مناسبت اور موسم کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے، تاہم لکڑی کی فریمنگ کے ساتھ بنوائے گئے دروازے گھر کے کسی بھی حصے کی زینت بنائے جاسکتے ہیں۔ ان دنوں ووڈن فریم والے گلاس ڈورٹرینڈ ز کا حصہ ہیں۔ لکڑی اورشیشے کے ملاپ سے بنا دروازہ ہمیشہ سے ہی بہت خوبصورت اور منفرد لگتا ہے۔ 

اس ٹرینڈ کے تحت شیشے کے دروازے کے چاروں اطراف لکڑی سے فریمنگ کروائی جاتی ہے، فریم کی چوڑا ئی مکینوں کی خواہش اور پسند پر منحصر ہے۔ سن روم کے دروازوں کے فریم کی چوڑائی عام طور پر کم (کم ازکم ایک یا دو انچ) رکھی جاتی ہے، تاہم گھر کے دیگر حصوں کے لیے فریم کی چوڑائی زیادہ بھی رکھی جاسکتی ہے۔

پیوٹ ڈور

سلائیڈنگ اور بارن ڈور کی طرح پیوٹ ڈور (Pivot Door) بھی حرکت کرنے والے ہوتے ہیں۔ آجکل ایک جدید طرز کے بنے گھر کی دلکشی اور انفرادیت کے پیش نظر راہداری میں پیوٹ ڈور کی موجودگی ضروری سمجھی جارہی ہے۔ عام طور پر یہ دروازے ریستوران اور ہوٹلز وغیرہ میں نصب کروائے جاتے ہیں، تاہم اب ان دروازوں کی موجودگی ماڈرن ہاؤس کنسٹرکشن میں بھی اہمیت اختیار کرتی جارہی ہے۔ 

یوں سمجھ لیں کہ ایک عام سی جگہ کو جدت اور انفرادیت بخشنے کے لیے پیوٹ ڈور بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ آپ گھر کے داخلی راستے کے لیے لکڑی کے سنگل پینل پر بنے پیوٹ ڈور کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ دروازے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے افقی دھاریوں (ہوریزینٹل لائن) میں گلاس پینل کا اضافہ بھی کیاجاسکتا ہے۔

بارن سلائیڈنگ ڈور

چھوٹی جگہوں کے لیے سلائیڈنگ ڈورکا انتخاب بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ لازمی نہیں کہ سلائیڈنگ ڈور راہدار ی کی ہی زینت بنائے جائیں، گھر کے مختلف پورشن کو علیحدہ کرنے کے لیے بھی سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ 

آپ اپنے گھر کے مختلف حصوں کو دو پورشن میں تقسیم کرنے کے لیے بار ن کی لکڑی کے سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ بارن سلائیڈنگ ڈور اندرونی بھی ہوسکتا ہے اور بیرونی بھی، اندرونی طور پر یہ مکمل طور پر دیوار میں نصب ہوتے ہیں ۔

تازہ ترین