• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان اور حیوان کا تعلق صدیوں پرانا ہے۔ جانوروں کی افادیت الہامی کتابوں میں بھی بیان کی گئی ہے، جو زمانہ اوّل سے لے کر عصر حاضر تک انسانوں کیلئے بیش بہا فوائد کا باعث رہے ہیں۔ ہم میں سے کئی لوگ اپنے گھروں میں  پالتو جانور رکھتے ہیں، معصوم سی بلیاں، مٹرگشت کرتے پپی، اور اٹکھیلیاں کرتےبکری کے بچے، جنہیں دیکھ کر مزاج پر اچھا اثر پڑتاہے اور کچھ لمحوں کیلئے ہم اپنی الجھنوں کو بھول جاتے ہیں۔ 

طبی اور نفسیاتی ماہرین کے مطابق پالتو جانور ہمارے نفسیاتی علاج میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور جانوروں کے ذریعے انسان کا نفسیاتی علاج بہت حد تک قابلِ عمل ہو سکتاہے۔

اینیمل اینڈ سوسائٹی انسٹیٹیوٹ نامی تنظیم انسانوں اور جانوروں کے تعلقات کا مطالعہ اور اسے فروغ دینے کیلئے کام کرتی ہے۔ اس ضمن میں انسٹیٹیوٹ نے 2017ء سے نومبر کے دوسرے ہفتے میں انسانوںاور جانوروں میں تعلقات سے آگاہی کا ہفتہ منانے کا آغاز کیا، جس کا مقصد انسان اور جانوروں کے تعلقات کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور ان کے درمیان تعلق کے فوائد اور ان سے وابستہ امکانی مسائل پر روشنی ڈالنا ہے۔ 

انسٹیٹیوٹ کا کام تمام جانوروں کے لئے محفوظ اور شفقت والی کمیونٹیز تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ انسانوں اور مختلف قسم کے جانوروں (خاص طور پر جنگلی، زرعی اور پالتو جانور) کے درمیان تعلقات کے بارے میں آگاہی پیدا کر ناہے۔

ہمارے پالتو جانور ہم سے غیر مشروط محبت کرتے ہیں۔ انہیں اس کی پرواہ نہیں ہوتی کہ آیا ہم کسی مشکل کا شکارہیں یا ہمارا موڈ خراب ہے، وہ بس ہمارے پاس آکر لاڈ پیار کرنا چاہتے ہیں یا ہماری تھوڑی سی توجہ چاہتے ہیں۔ 

پالتو جانور آسانی سے سمجھ جاتے ہیں کہ کب ہمیں ان کی خاموش محبت اور مدد کی ضرورت ہے اور کب تنہائی درکار ہے۔ جب ہم سارا دن گزار کر کام پر سے گھر واپس آتے ہیں تو وہ گرم جوشی کے ساتھ ہم پر ایک محبت بھری نگاہ ڈالتے ہیں یا ہمارا بھر پور استقبال کرتے ہیں۔

میڈیکل اسٹڈیز نے ثابت کیا ہے کہ پالتو جانوروں جیسے کتے یا بلی کے ساتھ وقت گزارنے سے بلڈ پریشر کو نارمل رکھا جاسکتا ہے کیونکہ جب آپ اپنے پالتو جانوروں کو دیکھتے اور انھیں چھونے لگتے ہیں تو آپ سکون محسوس کرتے ہیں۔ آپ جب اپنے پالتو کتے کے ساتھ جاگنگ کرتے ہیں تو آپ کو یہ ایکسرسائز اور بھی اچھی لگتی ہے۔ 

ایک پالتو جانور آپ کی زندگی کی تنہائی کو کم کرسکتا ہے، خاص طورپر ان عمر رسیدہ افراد کی جنہیں اب اپنے شریک حیات کا ساتھ حاصل نہیں، ایسے میں وہ اپنے پالتو جانوروں کےساتھ غم گساری کر سکتے ہیں۔

میڈیکل سائنس جانوروں کے ذریعے طریقہ علاج یعنی اینیمل تھراپی پر کا م کررہی ہے اور کافی حد تک کامیاب بھی ہو چکی ہے۔ اس ضمن میں پالتو جانوروں کے ساتھ وقت گزارنے کے جو فوائد سامنے آئے ہیں وہ کچھ یوں ہیں:

کولیسٹرول میں کمی

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے2013ء میں منعقد کی گئی ایک اسٹڈی سے یہ سامنے آیا کہ اپنے پالتو کتے کے ساتھ وقت گزارنا دل کی بیماری کے خطرے میں کمی کا باعث بنتاہے۔ دل کےمریض اگر اپنے پالتو جانور کےساتھ وقت گزارتے ہیں تو ان کی زندگی کے طویل ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

الرجی کا کم خطرہ

پالتو جانور پالنا آپ کیلئے الرجی کے خطرے کو کم کرسکتا ہے۔ مطالعات سے پتہ چلا ہے کہ جو بچے پالتو جانوروں کے ساتھ بڑے ہوئے ہیں، انہیں ان لوگوں کے مقابلے میں کم الرجی کا سامنا کرنا پڑا ہے جو ایسے گھر میں رہتے ہیں، جس میں کوئی پالتو جانور نہیں ہوتا۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن بچوں نے اپنی زندگی کے پہلے ہی سال میں پالتو کتوں کے ساتھ وقت گزارا، انھیں زندگی میں الرجی کا سامنا کرنے کا کم خطرہ ہوتا ہے۔

دائمی درد سے نجات

اگر آپ دائمی درد سے دوچار ہیں تو صرف پالتو جانور کے ساتھ رہنا ہی آپ کے اس درد میں کمی لاسکتاہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جانوروں کے ساتھ وقت گزارنے سے آپ کو جو مسرت حاصل ہوتی ہے، اس سے آپ کے اندر خوشی کے ہارمون جاری ہوتے ہیں اور یہ آپ کے اندر درر کی کیفیت میں کمی لانے میں مدد کرتے ہیں۔

مضبوط تعلق

پالتو جانور کے ساتھ مضبوط تعلق کی وجہ سے مضبوط انسانی تعلقات قائم ہوسکتے ہیں۔ جن گھروں میں پالتو جانوروں موجود ہوتے ہیں وہاں والدین ایسے لوگوں سے زیادہ رحم دل ہوتے ہیں جو پالتو جانوروں کے ساتھ اپنی زندگی کا اشتراک نہیں کرتے۔ پالتو جانوروں کے لئے ان کی ہمدردی زندگی کے دوسرے شعبوں میں بھی نظر آنے لگتی ہے۔

بلڈ شوگر میں تبدیلی

پالتو کتوں کو ان کے مالکان کی صحت میں ہونے والی تبدیلیوں کی تربیت دی جاسکتی ہے۔ پالتو کتے بلڈ شوگر میں تبدیلی کا احساس کرسکتے ہیں اور اپنے مالک کو بلڈ شوگر میں کمی کے بارے میں آگاہ کرسکتے ہیں۔ تربیت یافتہ کتے اپنے مالکان کو زیادہ سے زیادہ حرکت میں رہنے اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد کرتے ہیں۔ پالتو جانور اپنے مالکان کو افسردگی یا اضطراب سے نمٹنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔

تازہ ترین