• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پونٹنگ نے بابر کو آسٹریلیا میں کامیابی کا راستہ دکھادیا

پونٹنگ نے بابر کو آسٹریلیا میں کامیابی کا راستہ دکھادیا


آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ بابر اعظم کے لیے کینگروز کی سرزمین پر کامیابی کا راستہ بتادیا۔

رکی پونٹنگ بابر اعظم کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ نوجوان بیٹسمین کی بہترین بیٹنگ دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ورلڈ چیمپیئن کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانی ہے۔

بابر اعظم نے مختصر دورانیے کی کرکٹ میں اپنا لوہا منوایا ہوا ہے اور ٹی ٹوئنٹی میں 50 اور ون ڈے میں 54 کی اوسط رکھنے والے بیٹسمین عالمی درجہ بندی میں بالترتیب پہلے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

رکی پونٹنگ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ بابر اعظم بہت بہت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ہم نے اب تک ان کی جانب سے بہترین کھیل نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ 20 سے زائد ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی کا اوسط 35 ہے لیکن وہ اس سے اچھے کھلاڑی ہیں۔ ان کی ون ڈے کرکٹ میں اوسط 54 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 90 ہے۔

رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ بابر ایک پرجوش ٹیلنٹ ہے اور ممکنہ طور پر یہ وہی کھلاڑی ہے جسے میں اس سیزن کے دوران کھیلتے ہوئے دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔

سابق آسٹریلین کپتان کا کہنا تھا کہ میں نے کافی آسٹریلین اور نیوزی لینڈرز کو کھیلتے ہوئے دیکھا، لیکن یہ ان سے کچھ الگ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا میں ٹور میچز کے دوران بابر اعظم نے اپنی صلاحیتوں سے کینگروز کو اپنی موجودگی کا احساس دلایا اور گابا میں آسٹریلیا اے کے خلاف 157 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

بابر اعظم پاکستان کے گزشتہ دورہ آسٹریلیا کے دوران بھی ٹیم کا حصہ تھے تاہم وہ اسے دورے کے دوران وہ بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے تھے۔

رکی پونٹنگ کہتے ہیں کہ بابر کی کامیابی کے لیے سب سے اہم یہی ہے کہ انہیں نئی گیند سے دور رکھا جائے۔

سابق آسٹریلین کپتان کا کہنا تھا کہ ’جو انہوں نے بابر کے ساتھ کرنے کی کوشش کی تھی وہ کام نہیں آیا، جب آپ اسے بیٹنگ کرتا دیکھتے ہیں تو یہ 35 کی اوسط سے بہتر دکھائی دیتا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کو آسٹریلیا میں نئی گیند سے دور رکھا جائے، میرا خیال ہے کہ ایسا کرنے سے اس کی بہترین کارکردگی سامنے آئے گی۔

تازہ ترین