• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسبین میں اسد شفیق کی شانداد بیٹنگ کی بدولت پاکستان اپنی پہلی اننگ میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہوگیا۔

پاکستان کی اننگ کی خاص بات اسد شفیق کے 76 رنز تھے، ان کے علاوہ ٹیم کا کوئی بھی دوسرا کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

پاکستانی بلے باز اسد شفیق نے آسٹریلوی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ٹیم کو یقینی مشکلات سے باہر نکالا، وہ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری
اسد شفیق کی میچ میں نصف سینچری، وہ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز نے 75 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن بعد میں آنے والا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور آدھی ٹیم 94 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

برسبین گابا میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنر کی حیثیت سے خود شان مسعود کے ساتھ میدان میں اترے۔

برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ


پاکستان کی جانب سے دونوں اوپنرز نے ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے اسکور کو 27 اوورز میں 57 رنز تک لے گئے۔

میچ میں کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان کی پہلی وکٹ 32 ویں اوور میں گری جب اوپنر شان مسعود 27 رنز بنا کر کمنس کی بال پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

برسبین ٹیسٹ، پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی
کپتان اظہر علی کا دلکش انداز

شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے ہی اوور میں 75 کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی بھی پویلین روانہ ہوگئے، انہیں ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا۔

دونوں سیٹ اوپنرز کے پویلین لوٹ جانے کے بعد کریز پر حارث سہیل اور اسد شفیق نے بیٹنگ کی باگ دوڑ سنبھالی مگر آسٹریلوی پیس اٹیک کے سامنے حارث سہیل زیادہ دیر ٹھہر نہ سکے اور صرف ایک رن بنا کر مچل اسٹرک کی گیند پر وکٹ کیپر ٹیم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

حارث سہیل کے جانے کے بعد آنے والے بابر اعظم بھی ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے، ان کے بعد افتخار احمد 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی آدھی ٹیم کے 94 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ جانے کے بعد اسد شفیق کا ساتھ دینے کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کریز پر آئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اس نازک صورتحال پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور چائے کے وقفے تک 125 رنز تک لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔

پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جو 37 رنز بنا کر امپائر کے ایک متنازع فیصلے کا شکار ہوئے۔

آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری
رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار،بولر پیٹ کمنز کا پیر کریز لائن پر موجود 

رضوان جس گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے پیٹ کمنز کا پیر کریز لائن پر تھا، تھرڈ امپائر نے کئی بار ری پلے دیکھا، پھر بھی فیصلہ نہ بدلا اور آؤٹ دے دیا۔

رضوان کے پویلین لوٹ جانے کے بعد اسد شفیق اور یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی، یاسر شاہ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد آنے والے شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کو نویں وکٹ کا نقصان اسد شفیق کی صورت میں ہوا ، وہ 76 رنز کی شادار اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے وہ 7 رنز بنا سکے، جبکہ عمران خان 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے  18.2 اوورز میں 52 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کمنس نے 60 رنز دے کر 3 ، ہیزل ووڈ نے 46 رنز دے کر 2 اور نیتین لائن نے 40 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگ کے اختتام کے ساتھ ہی امپائرز کی جانب سے برسبین ٹیسٹ میں پہلے دن کے کھیل کے اختتام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

نسیم شاہ کا ریکارڈ ساز ٹیسٹ ڈیبیو

برسبین میں نسیم شاہ کو پاکستان کے بولنگ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ کیپ پہنائی، اس موقع پر نسیم شاہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔

نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔

برسبین ٹیسٹ کیلئے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے

پاکستان ٹیم میں شان مسعود، کپتان اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، افتخار احمد، بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عمران خان شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم میں شامل کھلاڑی

آسٹریلیا ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین کر رہے ہیں۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوبرنز، ڈیوڈ وارنر، مارنس لابوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

اس سےقبل آسٹریلیا نے پاکستان کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں دو صفر سے ہرایا تھا۔ ایک میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہو سکا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے شروع ہوگا۔

تازہ ترین