• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردی کے موسم میں مچھلی کھانے کا مزہ ہی کچھ اور ہے ،آپ کے اس مزے میں مزید اضافہ کرنے کے لیے اس ہفتے ہم چند مچھلی کے پکوان کی تر اکیب بتا رہے ہیں،انہیں بنا کر خود بھی مزے سے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں ۔

فش جنجر

اجزا:فش فلے ایک کلو (دھو کر کیوب کاٹ لیں)،دہی آدھاکلو ،ادرک دو انچ کا ٹکڑا (باریک اسٹرپس کاٹ لیں )،پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ ،پسا زیرہ ایک چائے کا چمچہ ،پودینا (باریک چوپ کیا ہوا )،نمک حسب ِذائقہ ،تیل حسب ضرورت ۔

ترکیب :سوس پین میں دہی ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں ،، دہی کا آدھا پانی خشک ہو جائے تو اس میں مچھلی ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ پانی خشک ہو جائے۔اس میں ادرک ،کالی مرچ ، زیرہ، ایک کپ پانی اورنمک ڈال کر مکس کر کے مچھلی گل جانے تک پکائیں ،پھرہرادھنیا، پودینا اور ہر ی مرچیں ڈال کر دم دے لیں۔سرونگ ڈش میں نکال کر سروکریں

میتھی مچھلی

اجزا:چھوٹی میتھی آدھا کلو، مچھلی کے قتلے آدھا کلو،نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ ،لہسن کے جوئے دو سے تین عددپیاز ایک عدد درمیانی ،آلو ایک عدد درمیانہ، ثابت لال مرچیں دو سے تین عدد،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچیں تین سے چار عدد،ہرادھنیا چار کھانے کے چمچے،لیموں کارس دو کھانے کے چمچے،قصوری میتھی ایک چائے کا چمچہ ، تیل حسب ضرورت

ترکیب :چھوٹی میتھی کی گٹھیاں کھول کر اس کے نیچے سے ڈنٹھل کاٹ لیں اور انھیں صاف دھو کر ٹھنڈے پانی میں آدھا چائے کا چمچہ ہلدی کے ساتھ بھگو کر دس سے پندرہ منٹ کے لئے رکھ دیں۔اس طرح اس کی کڑواہٹ کم ہو جاتی ہے ۔ادرک لہسن،نمک،لال مرچ،ہلدی اور پسے ہوئے ہرے مسالے(ہرادھنیا اور ہری مرچیں)کو پانی کا چھینٹا دے کر پیسٹ بنالیں اور مچھلی کے قتلوں کو صاف دھو کر اس مسالے سے میرینیٹ کرلیں،پھر تیل میں مچھلی کے قتلوں کو سنہرا فرائی کرکے نکالیں پھر اسی تیل میں آلو کے چھوٹے ٹکڑے کرکے ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔

مچھلی والے تیل میں سے چار کھانے کے چمچے باریک کٹی ہوئی پیاز،لہسن اور ثابت لال مرچوں کو سنہرا فرائی کریں۔پھر اس میں باریک کٹی ہوئی میتھی اور فرائی کیے ہوئے آلو کے ٹکڑے ڈال کر ہلکا سا ملائیں اور ہلکی آنچ پر ڈھک کر دم پر رکھ دیں۔جب میتھی کا اپنا پانی خشک ہونے لگے تو اس میں فرائی کی ہوئی مچھلی کے قتلے ڈال کر ہلکا سا بھونیں ۔لیموں کارس اور قصوری میتھی ڈال کر چولہے سے اتارلیں۔مزیدار میتھی مچھلی تیار ہے ۔

مچھلی کی کڑاہی

اجزا: مچھلی کے فلے ایک کلو ،ٹماٹر (چوپ کئے ہوئے) چھ عدد ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،پسا ہوا سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ, پسا ہوا دھنیا دوچائے کے چمچے، لیموں کا رس دوکھانے کے چمچے، ادرک (چوپ کی ہوئی) ایک کھانے کا چمچہ ،لہسن (چوپ کئے ہوئے) 3 جوے،ہرا دھنیا (چوپ کیا ہوا) آدھی گڈی گارنش کے لیے کُٹی ہوئی کالی مرچ آدھاچائے کا چمچہ, نمک حسب ذائقہ, تیل چھ کھانے کے چمچے

ترکیب: کڑاہی میں تیل گرم کرکے لہسن اور ادرک بھونیں پھر اس میں ٹماٹر شامل کر کے ڈھکن ڈھانک کر ٹماٹر نرم ہونے تک پکائیں ،پھراسے چمچے سے کچل لیں۔اس کے بعد لال مرچ ، زیرہ، دھنیا، لیمو ں کا رس، ہرا دھنیا، کالی مرچ، اور نمک ملا کرتیل علیحدہ ہونے تک بھونیں۔اس میں مچھلی ڈالیں اور 10 منٹ پکا کر ڈش میں نکالیں اور اوپر سے ہرا دھنیے سے گارنش کریں ۔

تازہ ترین