• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آجکل نت نئے ٹرینڈز صرف گھر کی آرائش یا اس کی بیرونی دلکشی کیلئے ہی اختیار نہیں کیے جاتے بلکہ گھر کے اندر موجود ہر چیز اور ان کی جزئیات کا خیال رکھا جاتاہے۔ اگر بات ہو زینے کی ریلنگ کی تو عام طور پر اکثر گھروں میں اسے بنا کسی منصوبہ بندی یا تھیم کے بنالیاجاتا ہے مگر وقت کے ساتھ ساتھ اب اس کیلئے بھی کافی ریاضت کرنی پڑتی ہے تاکہ زینے کی ریلنگ گھر کے در و دیوار اور ان پر لگے میورلز یا وال پیپر ز سے میل کھاتی ہو ۔ بڑے بڑے گھرانوں میں دوطرفہ زینے سے اترتی ریلنگ کے کئی انداز آپ نے دیکھے ہونگے، آئیں چند ایک کا ذکر کرتے ہیں۔

سفید و سیاہ کا سنگم

اگر آپ کے گھر کی دیواریں سفید ہیں اور ان پر سیاہ ٹیکسچر یا سرمئی جیومیٹریکل شیپ کے ڈیزائن ہیں تو زینے کی ریلنگ سفید پینل کے ساتھ سادہ اور خوبصورت لکڑی پر مشتمل ہوسکتی ہے، جو سیاہ دھاتی لوہے پر خوبصورتی سے آراستہ ہو کر ایک دلکش انداز دے گی۔

مونو کروم انداز

اگر آپ زائد رنگوں یا ان کے امتزاج کو پسندنہیں کرتے تو پھر ایک ہی رنگ کے مختلف شیڈز کے ساتھ لیونگ روم میں اترتی ریلنگ کو عمدہ ذوق دے سکتے ہیں۔ دراصل کھلی ترتیب میں مونو کروم منصوبہ بہت اچھے طریقے سے کام کرتا ہے اور بغیر کسی رکاوٹ کے سیڑھیوں کے جمالیاتی حسن میں اضافہ کرتا ہے۔

لکڑی اور شیشہ

ضروری نہیں کہ آپ کا گھر کوئی شیش محل ہو۔ آپ ریلنگ میں لکڑی اور شیشے کا سادہ استعمال بھی کرسکتے ہیں۔ ساتھ ہی اسے کمپلیمنٹ کرتا ہوا کوئی خوبصورت مجسمہ جاذبیت اور جدیدیت کی طرز پر اس کی دلکشی میں اضافہ کرسکتا ہے ۔

شیشے کے پینل

اگر لیونگ روم کے دروازے شیشے کے ہوں اور دیواروں پر شیشے سے بنے میورلز یا ڈیزائن ایلیمنٹ ہوں تو ایک جدید اور شاندار صاف ستھری سیڑھیوں کی ریلنگ کے ساتھ اور اس کے اطراف میں شیشے کا پینل کشادہ جگہ فراہم کرسکتاہے جبکہ اس سے منعکس ہونے والی روشنی ریلنگ کی تراشیدہ اور کاشی کاری سے مزین ڈیزائن کو اور بھی دلکش بنا سکتی ہے۔

اسٹوڈیو گھر

کھلی طرز کے بنے زینے پر لگی ریلنگ اسٹوڈیو گھر کو مکمل کرتی ہے۔ چونکہ اسٹوڈیو گھر میں جگہ کم ہوتی ہے، اسی لئے آپ ریلنگ کے رنگ اور اس کے انداز سے ملتے جلتے کیبنٹ لگاکر اچھا خاصا اسٹوریج بنا سکتے ہیں اور ایک ہی تھیم کے بنے کیبنٹس آنکھوںکو بھی بھلے محسو س ہوتےہیں۔

کنکریٹ سے بنے زینے

کنکریٹ سے بنا زینہ ایک اچھا اضافہ ہوسکتا ہے اور اس جدید زینے پر بنی ریلنگ کی چمک اور اسٹائل بہت زبردست دکھائی دے سکتاہے اور یہ بہت پُرکشش بھی ہو سکتاہے ۔

دلکش انداز

ریلنگ کی دلکش تنصیب لکڑی کے معیاری تختوں اور جدیدا سٹائل کے ساتھ بھی کی جاسکتی ہے۔ اطراف شیشے لگا کر اس کو جدید انداز دیا جاسکتاہے۔ اس کے ساتھ اگر آپ چھوٹی روشنیوں کی تنصیب کریں گے تو یہ بھی ایک اچھا انتخاب ہوسکتا ہے۔

اینٹیک اسٹائل

زینے کی ریلنگ سیدھی سادی ہی کیوں نہ ہو، آپ جدید اورا سٹائلش انداز سے اسے سجا سکتے ہیں۔ اس ریلنگ پر دلکش نقش ونگار بہت خوبصورت اور دیدہ زیب منظر پیش کرسکتے ہیں جوکہ آثارِ قدیمہ کا ایک نادر نمونہ لگیں گے۔

تازہ ترین