• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کے کچھ حصوں کی بڑی اہمیت ہوتی ہے، ان میں مرکزی دروازہ، پورچ ایریا یا پھر داخلی حصہ ( اینٹرنس) وغیرہ شامل ہیں۔ دورِ جدید میں ماڈرن لیونگ اسٹائل میں ایک خاص اضافہ ’مڈروم‘کا ہے۔ مڈروم بظاہر گھر کا داخلی حصہ ہی ہوتا ہے، جسے زیادہ سے زیادہ کارآمد انداز میںاستعمال کیا جاسکتا ہے، مثلاً وہاں کپڑوں کے لیے الماری یا شوز ریک بنادیاجائے یا پھر اس حصے میں بینچ بنواکر سٹنگ ارینجمنٹ کرلی جائے۔ 

چونکہ مڈروم اینٹرنس کا ہی حصہ ہے جہاں داخلے کے فوری بعد نظر پڑتی ہے، لہٰذااس کا نہ صرف اچھا تاثر دینا ضروری ہے بلکہ اسے زیادہ سے زیادہ کارآمد بھی ہونا چاہیے۔ ایک فعال اور دلچسپ مڈروم کے لیے یہ بات اہمیت نہیں رکھتی کہ آپ کے پاس جگہ کتنی ہے یا اس کے لیے بجٹ کتنا ہے، اگر کچھ ضروری ہے تو بس یہ کہ اس کی کس طرح منظم انداز میں تعمیر وسجاوٹ کی جائے۔

مڈروم کیوں بنایا جائے ؟

آپ کے لیے مڈروم آئیڈیاز پر عمل کرنے سے قبل اس حصے کی اہمیت وافادیت جاننا بھی ضروری ہے کیوں کہ مشرقی ممالک میں مڈروم کی اصطلاح سے ہی لوگ کم واقفیت رکھتے ہیں۔ لہٰذا آپ بھی پہلےیہ جان لیں کہ مڈروم بالآخر آپ کے گھر کا حصہ کیوں ہونا چاہیے۔

کم رقبے پر تعمیر کیے گئے گھروں میں سب سے زیادہ مسئلہ اسٹوریج کا ہوتا ہے اور مڈروم کی خاصیت یہی ہے کہ یہ مکینوں کو ایک اضافی اسٹوریج ایریا فراہم کرتا ہے۔ اس حصے میں بنوائے گئے کیبنٹس، درازیں اور ہینگنگ سسٹم آپ کے روزمرہ استعمال میں آنے والی اشیا کے لیے اضافی جگہ فراہم کرتے ہیں۔ بجائے اس کے کہ آپ روزمرہ پہنے جانے والے کوٹ اور شوز الماری میں رکھیں، آپ انہیں مڈروم ایریا میں دستیاب جگہوں میں بآسانی رکھ سکتے ہیں۔ 

مہمانوں کی اچانک آمد پر بکھرے گھر کو سمیٹنے کی زحمت سے بچنے کیلئے لیونگ روم ایریا کا صاف ستھرا اور منظم رہنا ضروری ہے۔ یہ حصہ اس وقت زیادہ بکھرتا ہے جب بچے یا پھر آفس جانے والے حضرات گھر میں آتے ہیں اور ان کی اِردگرد بکھری چیزیں منٹوں میں لیونگ روم کا بُرا حال کردیتی ہیں۔ لہٰذا داخلی حصے میں اگر آفس کی چیزیں رکھنے سے متعلق جگہ موجود ہو تو آپ کا لیونگ روم خراب ہونے سے بچا رہتا ہے۔ اس حصے کی تعمیر و تزئین کیلئے چند تجاویز قابل ذکر ہیں۔

بلٹ اِن کیبنٹ

ان دنوں دیوار میں نصب الماریاں ٹرینڈ کا حصہ ہیں تو کیوں نہ مڈروم ایریا کے لیے بھی بلٹ اِن کیبنٹ کا انتخاب کیا جائے۔ یہاں موجود بلٹ اِن یونٹ جہاں آپ کو اضافی اسٹوریج فراہم کرے گا، وہیں آپ کے مڈروم کو عام مڈروم کی نسبت اسٹائلش اور ماڈرن لک بھی دے گا۔ 

بلٹ اِن کیبنٹس عام الماریوں سے تین گنا زیادہ اسٹوریج کی سہولیات دیتے ہیں۔ لہٰذا اینٹرنس کی دلکشی بڑھانے کے لیے ڈسپلے یونٹ تعمیر کروائے جاسکتے ہیں۔ انہیں کم چوڑائی کے ساتھ تعمیر کروایا جاتا ہے، جس کے بعد مختلف استعمالات میں لایا جاتا ہے مثلاً آرائشی اشیا رکھنے یا بطور شوز ریک۔

ونڈو سٹنگ ارینجمنٹ

گھروں میں باغیچے سے منسلک کھڑکیوں کی تعمیرٹرینڈ کا حصہ ہے۔ باغیچے کے ساتھ بنی ان کھڑکیوں سے جب پھولوں اور پتیوں کی خوشبو اندر داخل ہوتی ہے تو مکینوں پر بہت اچھاتاثر قائم کرتی ہے۔ اگر آپ کے گھر میں بھی باغیچہ کھڑکی کے ساتھ ہے تو مڈروم کے لیےکھڑکی والی دیوار کو سٹنگ ارینجمنٹ کے طور پر منتخب کریں۔ اس جگہ کے لیے گہرے رنگوں سے زیادہ ہلکے رنگوں کا انتخاب بہترین ثابت ہوگا۔ سٹنگ ارینجمنٹ کے علاوہ دائیں اور بائیں کیبنٹ بنوا کر آپ یہاں روز مرہ استعمال میں آنے والے کپڑوں کو لٹکا سکتے ہیں۔

دیواریں اور چھت

مڈروم کو خوبصورت اور دلکش بنانے کیلئے اس کی دیواروں اور چھت پر خاص توجہ دینی ہوگی۔ مڈروم ایر یا کی مرکزی دیوا ر یاچھت کیلئے عام انداز اختیار کرنے کے بجائے وال پیپر کا انتخاب کریں۔ وال پیپر ایک حفاظتی اور خوبصورت تہہ ہوتی ہے جو آپ کی دیواروں کو نہ صرف نم رکھتی ہے بلکہ واٹر پروف ہونے کے سبب ان کو دھونا بھی آسان ہوتا ہے۔مڈروم کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے ٹروپیکل پیٹرن یا اسٹریپڈ پیٹرن اسٹائل وال پیپر لگوائے جاسکتے ہیں۔

سٹنگ ارینجمنٹ

اضافی جگہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد مڈروم ایریا میں سٹنگ ارینجمنٹ بھی کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ریڈی میڈ یا بلٹ اِن بینچ مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ اسے خوبصورت اور مہمانوں کیلئے مزید دلچسپ بنانے کیلئے آپ یہاں کشن رکھ سکتے ہیں، دائیں اور بائیں حصے میں پلانٹس کا اضافہ کرسکتے ہیں، ساتھ ہی بینچ کے نچلے حصے کو کیبنٹ سسٹم کے ذریعے اسٹوریج کے طور پر بھی کام میں لاسکتے ہیں۔

شوخ رنگوں کا اضافہ

اس حصے کو جدید انداز دینے کےلیے آپ مڈروم کی دیواروںپر شوخ رنگ کروائیں۔ اس حوالے سے برطانوی انٹیریئر ڈیزائنر برائٹ اورنج کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ حصہ شوخ رنگوں میں ڈوبا ہونے پر مہمانوں کو آپ کے جمالیاتی ذوق کا قدردان بناتا ہے، تاہم اگر آپ اس حصے میں پہلے ہی ہلکے رنگوں کا اضافہ کرچکے ہیں تویہاں موجود کشن یا پھر بینچ وغیرہ کا انتخاب شوخ رنگوں کے ساتھ کیجیے۔

تازہ ترین