• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر میں کھڑکیوں کا ہونا بنیادی عوامل میں سے ایک ہے، جو نہ صرف گھر میں روشنی اور ہوا کی آمدورفت یقینی بنانے بلکہ اسے دھول مٹی سے بچانے میں کام آتی ہیں۔ کھڑکیوں سے روشنی اور ہوا کا گزر ہونے سے گھر کی فضا بوجھل نہیں ہوتی، ساتھ ہی بند کمروں میں پیدا ہونے والی مخصوص بُو بھی ختم ہوجاتی ہے۔ دوسری جانب باہر کےخوبصورت مناظراور خوشگوار ماحول کا نظارہ کرنے یا پھر کمرے میں ایک خاص تاثر قائم کرنے کے لیے بھی ان کا استعمال ضروری ہے۔

کھڑکیوں کے ڈیزائن کے حوالے سے ٹرینڈز کی بات کی جائے تو ایک دیوار میں دو یا چار کھڑکیوں کے بجائے فرش سے چند انچ اونچی بڑی اور چوڑی کھڑکیوں کا انتخاب آجکل خاصا مقبول ہورہا ہے۔ اگر آپ نے اپنا گھر کسی کھلی جگہ پر تعمیر کروایا ہے، جہاں دیواریں لمبی ہونے کے ساتھ چوڑی بھی ہیں تو آپ کے لیے یہی مشورہ ہے کہ چھوٹی کھڑکیوں کے بجائے بڑی کھڑکیوں کا انتخاب کریں۔ 

لازمی نہیں کہ سلائیڈنگ ونڈو کا انتخاب چھوٹی جگہوں کے لیے ہی کیا جائے، کشادہ جگہوں پر بھی سلائیڈنگ ونڈو خوبصورت اور منفرد معلوم ہوتی ہے۔ آج کےمضمون میں ہم سلائیڈنگ ونڈو کے حوالے سے بات کررہے ہیں۔

سلائیڈنگ ونڈو کا انتخاب

مارکیٹ میں کھڑکی کے کئی ڈیزائن موجود ہیں، تاہم آپ کو یہ کیسے پتہ چلے گا کہ آپ کے گھر کے لیے کھڑکی کا کون سے اسٹائل زیادہ مناسب رہے گا؟ بہتر یہ ہے کہ سلائیڈنگ ونڈو کا انتخاب کرنے سے قبل چند سوالوں کے جوابات حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ 

کیا آپ کو ایسی کھڑکی کی ضرورت ہے جسے آپ بار بار کھولیں؟کیا آپ زیادہ سے زیادہ وینٹی لیشن چاہتے ہیں؟ یا پھر اپنے انداز میں کھڑکی کی تنصیب چاہتے ہیں؟ کھڑکی کا بہترین انتخاب، اسے کھولنے کے سائز سے مشروط ہوتا ہے، تاہم تعمیراتی ماہرین کے نزدیک سلائیڈنگ ونڈو کا انتخاب تب ہی کیا جائےجب آپ کے پاس کشادہ جگہ موجود ہو۔ مارکیٹ میں سلائیڈنگ ونڈو کے بےشما ر اسٹائل اور ڈیزائن موجود ہیں۔

فوائد

سلائیڈنگ ونڈو کا انتخاب کیوں کیا جائے؟ اس کے لیے ان خوبصورت اور منفرد انداز کی کھڑکیوں کے فوائد سے متعلق جاننا آپ کے لیے ضروری ہے۔

بلا رکاوٹ بیرونی نظارہ: سرکنے والی کھڑکیاں کھولنے اور بند کرنے کے حوالے سے بہترین ہوتی ہیں۔ ان کی چوڑائی ان کی لمبائی سے کہیں زیادہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے باہر کے مناظر کا بلا رکاوٹ افقی نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ سلائیڈنگ ونڈو صرف آکسیجن اور دھوپ اندر لانے کا سبب ہی نہیں بنتی بلکہ اس کے ہوتے ہوئے آپ خوبصورت، دلکش اور قدرتی مناظر کا بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ کھڑکی جتنی بڑی ہوگی آپ اتنا ہی بیرونی مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

انرجی ایفیشنٹ اور وینٹی لیشن: اپنے منفرد اور سادہ ڈیزائن کی بدولت سلائیڈنگ ونڈو کے دونوں پٹ زیادہ پیچیدہ نہیں ہوتے۔ اس کے برعکس عام کھڑکیوں میں ڈیزائن کی پیچیدگی روشنی اور ہوا کے عمل میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ دوسری جانب معیاری کمپنیاں سلائیڈنگ ونڈو میں استعمال کیے جانے والے شیشوں کے لیے انرجی ایفیشنٹ شیشے پیش کرتی ہیں۔ 

مؤثر توانائی رکھنے والے یہ شیشے گھر کے درجہ حرارت کو معمول پر رکھتے ہوئے بجلی کے بل میں کمی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ مختلف کمپنیوں کی جانب سے سلائیڈنگ ڈور کے ایسے ڈیزائن بھی متعارف کروائے جارہے ہیں جن کے دونوں پٹ ایک ہی وقت میں کھولے جاسکیں۔ یہ خاصیت مکینوں کو سلائیڈنگ ونڈو کے دیگر ڈیزائن کے برعکس زیادہ وینٹیلیشن فراہم کرتی ہے ۔

آسان استعمال :سلائیڈنگ ونڈو دیگر کھڑکیوں کے برعکس استعمال میں آسان ہے۔ اس ڈیزائن میں عام طور پر ایک پٹ کھولنے کی اجازت ہوتی ہے جبکہ کھڑکی کادوسرا پٹ ساکن رہتا ہے۔ یہ بآسانی کھولی اور بند کی جاسکتی ہے۔

دروازے کا متبادل : سلائیڈنگ ونڈو گھر کے مختلف حصوں کے لیے دروازے کا متبادل بھی ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کے استعمال سے تزئین نو یا تعمیراتی بجٹ میں بھی کمی آسکتی ہے۔ اگر کھڑکیاں سلائیڈنگ ہوں تو پھر یہ باغیچے میں جانے کیلئے دروازے کا بھی کام دے سکتی ہیں، اس طرح آپ کا گھر مزید کھلا کھلا لگتا ہے۔

ڈیزائن اور ٹرینڈز

سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ سلائیڈنگ ونڈو کے لیے کون سا ڈیزائن منتخب کیا جائے؟ آئیے بات کرتے ہیں ان ڈیزائنز کی جو آجکل ٹرینڈ میں ہیں۔

فرنچ اسٹائل

سلائیڈنگ ونڈو کا سب سے مشہور ڈیزائن فرانسیسی اسٹائل ہے، جسے بارڈر فریم کے ساتھ گھر میں روشنی اور ہوا کے حصول کے لیے بنوایا جاتا ہے۔ جن شہروں میں گرمی طویل عرصے کے لیے ڈیرے ڈالے رہتی ہے، وہاں یہ ڈیزائن بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ 

ماہرین بیڈروم کے لیے فرنچ اسٹائل کی کھڑکی کا انتخاب تجویز کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ڈیزائن جدید ہونے کے ساتھ فعال بھی ہوتا ہے، جو سادہ کمرے کو بھی ایک خاص وضع دیتا ہے۔

رنگین سلائیڈنگ ونڈو

کیا آپ بھی یہی سمجھتے ہیں کہ سلائیڈنگ ونڈوز رنگین نہیں ہوسکتیں، اگر ایسا ہے تو یہ درست نہیں۔ آپ سلائیڈنگ ونڈو کے پٹ خوبصورت رنگوں والے فریم یا کلر فل گلاس میں بھی بنواسکتے ہیں ۔

ہاف سلائیڈنگ ونڈو

اگر آپ کے پاس جگہ کم ہے تو آپ سلائیڈنگ ونڈو کا انتخاب کم جگہ کے لیے بھی بآسانی کرسکتے ہیں۔ یہ کھڑکی دیگر بڑی کھڑکیوں کی طرح ہی بنوائی جاتی ہے لیکن سائز میں چھوٹی ہونے کے باعث یہ مخصوص ڈیزائن میں ہی تیار کی جاتی ہے۔

تازہ ترین