• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلین ڈالر سے بنا ’ایپل پارک‘ ایک تعمیراتی شاہکار

دنیا بھر میں ایپل پروڈکٹس سے دھوم مچانے اور اربوں ڈالر سمیٹنے والی ایپل کارپوریشن نے تعمیراتی دنیا میں بھی جدت (Innovation) پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اسٹیو جابز کے خوابوں کی تعبیر ’ایپل پارک‘، ایپل انکارپوریشن کا کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر ہے، جو کیلیفورنیا میں ون ایپل پارک وے میں واقع ہے۔ اسے اپریل2017ء میںاسٹاف کے لئے کھولا گیا تھا۔ اس کی تحقیق اور ترقیاتی سہولیات پر2ہزار سے زائد افراد مصروف عمل ہیں۔

نارمن فوسٹرکے تخلیق کردہ اس دائرے والے ڈیزائن کو میڈیا نے ’اسپیس شپ‘ کا نام بھی دیا۔175ایکڑ پر واقع یہ چار منزلہ پارک ایک نواحی سائٹ پر موجود ہے، جس میں مجموعی طور پر 12ہزار سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔ اسٹیو جابس چاہتے تھے کہ پورا کیمپس آفس پارک اور قدرتی پناہ گاہ کی طرح نظر آئے۔

اس سائٹ کا 80فیصد حصہ ہری گھاس پر مشتمل ہے اور ان میں لگے درختوں یا پودوں پر کبھی خشک سالی نہیں آتی۔ اس ایپل پارک میں بہت ساری عمارتیں اور پارک موجود ہیں۔ اسٹیو جابس کے نام پر ایک تھیٹر بھی موجود ہے جبکہ تھیٹر کے ساتھ رننگ ٹریکس اور فٹنس سینٹرز بھی ہیں۔ عمارت کی چھت سولر پینل سے آراستہ ہے، جس کی وجہ سے یہ عمارت اپنی بجلی خود پیدا کرتی ہے۔

ایپل پار ک کی تعمیر اور خصوصیات

4ارب ڈالر سے زائد رقم میں بنا یہ ایپل پارک دراصل زمین پر نہیں بلکہ اسٹین لیس اسٹیل کی 700بڑی طشتریوں پرقائم ہے ، زلزلہ آنے کی صورت میں یہ طشتریاں عمارت کو چار فٹ اوپر اٹھا دیں گی۔ ایپل کے چیف ڈیزائن آفیسر جان ایو، زلزلے سے بچائو کے اقدامات میں اسے تعمیر کا اہم حصہ قرار دیتے ہیں۔ 

دراصل اسٹیو جابس جاپان میں تعمیرات میں کی جانے والی بیس آئیسولیشن (Base Isolation) تکنیک سے متاثر تھے اورچاہتے تھے کہ اسی طرز پر امریکا میں بھی ایپل ہیڈ کوارٹر تعمیر کیا جائے۔ بیس آئیسولیشن کی تکنیک میں  عمارت زلزلے کے وقت عارضی طور پر اپنی بنیادوں سے اوپر اٹھ جاتی ہے۔

انگوٹھی کی شکل والی عمارت، جس کو ’اے پرفیکٹ سرکل‘ کے نام سے سے بھی پکارا جاتاہے، میں آٹھ عمارتیں ہیں۔ کیمپس فریم کا محیط ایک میل (1.6کلومیٹر) ہے۔ یہ زمین کے اوپر چار اور زیر زمین تین منزلوں پر مشتمل ہے۔ کیمپس کی دیواروں اور اندرونی صحن کے نظاروں کے ساتھ ساتھ عمارت کے بیرونی حصے کی صورت حال کو دیکھنے کے لئے صرف شیشہ استعمال کیا گیا ہے۔

کیفے

کیمپس میں سات کیفے ہیں اور سب سے بڑے کیفے میں3ہزار لوگوں  کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔اس میںمیں ہلکے رنگ کے پتھراور شیشے کی ریلنگ ہے، جس میں کوئی دھات شامل نہیں کی گئی۔ 20ہزار مربع فٹ پر مشتمل میزنائن کیفے پر 600افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اوراس کے باہر ٹیرس پر 1750نشستیں ہیں اور یہاں ایک وقت میں 1500لوگ کھانا کھاسکتے ہیں۔

آڈیٹوریم

اس تھیٹر کوایپل کے شریک بانی اور سابق سی ای او اسٹیو جابس تھیٹر کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ یہ ایک زیر زمین ایک ہزار نشستوںوالا آڈیٹوریم ہے، جس میں ایپل پروڈکٹس کی تعارفی تقریبات اور پریس میٹنگز منعقد کی جاتی ہیں۔ اس میں ایک بڑی زمین کے اوپر سلنڈر کی شکل والی لابی ہے، جس کی سیڑھیاں نیچے آڈیٹوریم تک جاتی ہیں۔ 

تھیٹر کی لابی میں سلنڈر سائز کی بنا ستون کے شیشے کی دیواریں ہیں، جو آس پاس کے کیمپس کا 360ڈگری کا نظارہ بنا کسی رکاوٹ پیش کرتی ہیں۔ دبئی سے تعلق رکھنے والی کمپنی پریمیر کمپوزٹ ٹیکنالوجیز نے 73 میٹرک ٹن کاربن فائبر کی چھت بنائی ہے، جو44ایک جیسے پینلز پر مشتمل ہے۔ ہر پینل 70فٹ (21میٹر) لمبا اور11فٹ (3.4میٹر) چوڑا ہے۔ یہ کاربن فائبر اور شیشے کی مدد سے بنادنیا کا سب سے بڑا اسٹرکچر ہے۔

ویلنیس سینٹر

نارتھ ویسٹ کیمپس میںایک لاکھ مربع فٹ پر مشتمل فٹنس سینٹر ہے۔ یہ پورے علاقے کے20ہزار ملازمین کو صحت کی سہولیات فراہم کرتاہے۔ جِم کے سامان کے علاوہ، فٹنس سینٹر میں دیگر سہولیات بھی شامل ہیں جیسے چینجنگ رومز، شاورز، کپڑے دھونے کی سہولت اور گروپ سیشن کیلئے کمرے وغیرہ ۔

ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سہولیات

ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی سہولیات کیلئے کیمپس کے جنوبی کنارے پر دو بڑی عمارتیں موجود ہیں۔ ہر عمارت کی اوپری منزل میں ایک محکمہ ہے، جس میں صنعتی ڈیزائن اور ہومین انٹرفیس ٹیمیں شامل ہیں، جن کی سربراہی ڈیزائن چیف جوناتھن ایو کرتے ہیں۔

پارکنگ

گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے زیر زمین دو بڑے پارکنگ اسٹرکچر موجودہیں، جس میں لگ بھگ 14ہزار200گاڑیاں پارک کی جاسکتی ہیں۔ دوسرے زیرزمین پارکنگ گیراج میں 2ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔ پارکنگ کا انتظام سینسر اور ایپس کے ذریعہ کیا جاتا ہے ، جو ٹریفک اور پارکنگ کی جگہوں کو منظم کرتے ہیں۔

سائیکلنگ

کیمپس میں ملازمین کیلئے آس پاس کی جگہوں پر جانے اور سائیکلنگ کا لطف اٹھانے کیلئے ایک ہزار سائیکلیں  موجود ہیں، جنہیں ملازمین 175ایکڑ رقبے پر مشتمل ٹریکس پر چلاتے ہیں۔ زیر زمین کار پارکنگ گیراج میں دو ہزار بائیسائیکل پارک کرنے کی گنجائش ہے۔

تازہ ترین