• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ 2019ء میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اصطلاح

دنیا کی چند معروف انگریزی لغت میں ایک نام آکسفورڈ ڈکشنری کا ہے۔ ویسے تو ہر پروفیشنل شخص کو اپنے انگریزی الفاظ کا ذخیرہ بڑھاتے رہنے کے لیے زندگی کے ہر حصے میں ڈکشنری کی ضرورت ہوتی ہے لیکن زمانہ طالب علمی میں ڈکشنری کی ضرورت سب سے زیادہ محسوس کی جاتی ہے۔ طلباء اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہر سال آکسفورڈ ڈکشنری میں نئے الفاظ کا اضافہ کیا جاتا ہے اور پھر ان شامل کیے گئے الفاظ میں سے ایک لفظ یا اصطلاح کو منتخب کیا جاتا ہے، جس کا سال بھر سب سے زیادہ استعمال کیا گیا ہو۔

سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی کم عمر طالبہ گریٹا تھونبرگ سے لے کر لاہور کے طلباء تک، سب ہی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نہ صرف متاثر ہورہے ہیں بلکہ وہ اس سلسلے میں اپنی آواز بھی بلند کررہے ہیں۔ ہمارے مستقبل کے معمار ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف اس لیے تشویش کے ساتھ اور زیادہ پُراثر اندازمیں آواز بلند کررہے ہیں کیونکہ جب یہ بچے بڑے ہوکر عملی زندگی میں قدم رکھیں گے تو اس وقت ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے دنیا بُری طرح متاثر ہوچکی ہوگی۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اُس وقت یہ دنیا کا نمبر ایک مسئلہ بن چکا ہوگا۔ اسی لیے روایتی میڈیا سے لے کر سوشل میڈیا اور ورلڈ اکنامک فورم سے لے کر اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی تک، دنیا کے ہر بڑے فورم پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لیے آواز بلند کی جارہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آکسفورڈ ڈکشنری نے 2019ء میں جس لفظ/ اصطلاح کو سب سے زیادہ استعمال ہونے والے لفظ/اصطلاح کے طور پر منتخب کیا ہے، اس کا ماحولیاتی تبدیلیوں سے گہرا تعلق ہے۔ آکسفورڈ ڈکشنری کی طرف سے گزشتہ سال کے لیے ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے استعمال کی جانے والی اصطلاح ’’کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

’’کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ کی اصطلاح نے ایسی ہی دوسری کئی اصطلاحوں اور الفاظ کو ایک طرح پچھاڑ دیا ہے۔ دیگر اصطلاحات میں ’’ایمرجنسی کرائسس‘‘، ’’ایکو انزائٹی‘‘ اور ’’فلائٹ شیم‘‘ وغیرہ شامل تھیں۔ تاہم، آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کے پینل نےان میں سے ’’کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ کا انتخاب کیا۔

نئی شائع ہونے والی آکسفورڈ ڈکشنری میں یہ اصطلاح شامل کر لی گئی ہے۔ اس کی تشریح میں درج کیا گیا ہے کہ ایک ایسی صورت حال جسے فوری ایکشن درکار ہو اور اُس کا نظر انداز کرنا انتہائی خطرے کا باعث ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس انتخاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسانی معاشرے میں ماحولیاتی تبدیلیوں کو کتنی اہمیت حاصل ہو چکی ہے۔

آکسفورڈ ڈکشنری کے مرتبین کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2019ء کے دوران ’’کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ نے انسانی ذہنوں میں پیدا ہونے والے رویے کی عکاسی بھی کی اور اس اصطلاح کے انسانی ثقافت اور معاشرت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔

آکسفورڈ ڈکشنری کی جانب سے ’’کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ کی اصطلاح منتخب کرنے کے حوالے سے کہنا تھا، ’’ہمارے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ اصطلاح حقیقت میں مختلف ممالک کی زبانوں میں جس کثرت سے استعمال کی جا رہی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماحولیاتی صورت حال کتنی سنجیدگی اختیار کرچکی ہے اور یہ لوگوں کی معلومات کا اظہار بھی ہے‘‘۔

آکسفورڈ کے ذخیرہٴ الفاظ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے تک ’’کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ کی اصطلاح ایک غیرمعروف کمبی نیشن تھا لیکن حالیہ برسوں میں اس کو عوامی قبولیت اور پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور 2019ء کے دوران یہ سب سے زیادہ زیر بحث لائی جانے والی اصطلاح بن گئی تھی۔

اس بات سے یقیناً انکار ممکن نہیں کہ اگر ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو روکنے کیلئے ابھی سے ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے خود انسانی نسل کی افزائش سے لے کر اس کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے تک، اور مٹی کی ذرخیزی سے لے کر سمندروں کی سطح تک، ہر چیز پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر 2030ء تک دنیا، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو موجودہ سطح پر قابو رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکی تو اس کے بعد شاید ایسا کرنا ممکن نہ رہے۔ یہ ایک حیران کن، پریشان کن اور خواب غفلت سے فوری بیدار ہونے کا انتباہ ہے لیکن کیا دنیا سُن رہی ہے؟

دنیا بھر میں ’’کلائمیٹ‘‘ پر کسی حد تک بحث ہورہی ہے اور لوگ اس پر اپنی آواز بلند کررہے ہیں، جس کا اندازہ آکسفورڈ ڈکشنری کے علاوہ، ایک اور معروف انگریزی ڈکشنری ’’کولنز‘‘ کے 2019ء کے لیے منتخب کردہ لفظ/اصطلاح سے بھی بخوبی ہوتا ہے۔ کولنز نے اپنی انگریزی ڈکشنری میں ’’کلائمیٹ اسٹرائیک‘‘ کو سال 2019ء میں استعمال کیا جانے والا سب سے اہم لفظ یا اصطلاح قرار دیا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ ماحولیاتی سنگینی کے پیشِ نظر لفظ ’’کلائمیٹ‘‘ صرف 2019ء ہی نہیں بلکہ آنے والے کئی برسوں تک عام افراد سے لے کر تحقیقی اور پالیسی ساز اداروں تک، ہر فورم پر سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والا لفظ ہوسکتا ہے کیونکہ بڑھتی ماحولیاتی آلودگی کے سبب دنیا بھر میں ہر کوئی مختلف مسائل کا شکار ہے۔

تازہ ترین