• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگریزی زبان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، آج کے زمانے میں ایک طالب علم سے لے کر کامیاب بزنس مین تک تمام افراد کے لیے انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔ انگریزی زبان وسیع پیمانے پر ابلاغ کا ذریعہ کہلائی جانے والی زبانوں میں سے ایک ہے، اسی لیےنہ صرف تحریری بلکہ زبانی طور پر بھی انگریزی بولنے میں روانی کا ہونا ضروری ہے۔

انگریزی سیکھنے کے حوالے سے بات کی جائے تو یہ ایک خوبصورت اور سادہ سی زبان ہے لیکن مختصر سے وقت میں اس زبان کو سیکھناطالب علموں کے لیے پیچیدہ اور مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔ انگریزی میںلفظوں کی صحیح ادائیگی و تلفظ، مشکل چیزوں میں سے ایک تسلیم کیاجاتاہے۔ 

چونکہ اس زبان کے بیشتر الفاظ ایسے ہیں جو لکھنے میں الگ ہوتے ہیں مگر ان کاتلفظ قدرے مختلف ہوتا ہے۔ اسی طرح دو الفاظ ایک ہی طریقہ سے لکھے جاتے ہیں لیکن تلفظ اور معنی ایک جیسے نہیں ہوتے۔ آج کے مضمون میں چند ایسی مفید ٹپس کا ذکر کیا جارہا ہے، جو آپ کے انگریزی کے تلفظ کو ٹھیک بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی، آئیے اس بارے میں جانتے ہیں ۔

سیکھنے کیلئے سنیں

کچھ سیکھنے کاسب سے اہم اصول یہ ہے کہ آپ کے کانوں کا کھلا ہونا ضروری ہے۔ آپ انگریزی کے جو بھی الفاظ سیکھنا چاہیں انہیں پہلے انگریزی بولنے والوں سے ضرور سنیں۔ ساتھ ہی انگلش کے مختلف الفاظ اور ان کے تلفظ کے درمیان فرق کوسمجھنے کی کوشش کریں۔ اس معاملے میں نہ صرف یہ ضروری ہے کہ کسی اچھے انگلش اسپیکر کےتلفظ کوسنا جائے بلکہ اپنے الفاظ کا تلفظ سننا بھی بے حد ضروری ہے۔

جب آپ انگریزی الفاظ کے تلفظ کی ادائیگی کی مشق کرنا شروع کریںتو سب سے پہلے لفظوں کو سنیں۔ اس مقصد کے لیے یوٹیوب ویڈیوز، انگلش موویز اور گانے آپ کے ذخیرہ الفاظ کو بڑھانے، تلفظ کی درست ادائیگی اور معلومات بڑھانے کے لیے کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

مختلف تلفظ اور لب ولہجہ سمجھنا

جب آپ انگریزی کے الفاظ کادرست تلفظ سیکھنے کی کوشش کریں گے تو آپ کو مختلف ملکوں اور خطوں کے حوالے سے جاننے کی ضرورت بھی پڑے گی۔ انگریزی زبان کے کئی الفاظ ایسے ہیں جو معنی اور حروف تہجی میں ایک جیسے ہونے کے باجود دنیا کے بیشتر ملکوں اور خطوں میں مختلف تلفظ کے ساتھ ادا کیے جاتے ہیں مثلاً انگلش کا ایک لفظ schedule ہے، اس کا تلفظ امریکن انگلش میں’’ اسکیجول‘‘ جبکہ برٹش انگلش میں ’’ شیجول‘‘ ہے۔ اس کی دوسری مثال لفظ restaurant ہے، جس کا تلفظ برٹش اور امریکن انگلش میں ریسٹورنٹ جبکہ فرنچ میں ’’ریستوراں‘‘ ہے۔ لہٰذاآپ جس مقام اور خطے سے تعلق رکھتے ہیں ویسے ہی لفظوں کا تلفظ ادا کرسکتے ہیں ۔

زبان دوست تلاش کریں

یہ ایک ایسی ٹپ ہے جس کے ذریعے آپ کو انگریزی زبان سمجھنے اور تلفظ کی درست ادائیگی میں مدد ملے گی، ساتھ ہی آپ انگریزی سیکھنے کو دلچسپ سمجھیں گے۔ زبان دوست یا لینگویج buddy ایک ایسا شخص ہوسکتا ہے جو آپ ہی کی طرح انگریزی زبان سیکھنے کی کوشش کررہا ہویا پھر سیکھ چکا ہو، تلفظ درست کرنے میں آپ دونوں ایک دوسرے کی مدد کرسکتے ہیں۔ اپنے دوست کے تلفظ پر غور کریں کہ وہ انگریزی زبان بولتے وقت الفاظ کا تلفظ کس طرح ادا کرتا ہے اور کسی لفظ کو ادا کرنے میں اس کا منہ کس طرح چلتا ہے۔

لب ولہجے اوراندازِ بیاں پرغور

لفظوں کے درست تلفظ کا انحصار صرف آپ کی زبان اور سیکھنے کی صلاحیت پر ہی نہیں بلکہ آپ کے لہجے پر بھی ہوتا ہے، جو آپ کی آواز کے اُتار چڑھاؤ سے منسلک ہوتا ہے۔ اندازِ بیاں مختلف لفظوں کی ادائیگی کے حوالے سے آپ پر دباؤ ڈالتا ہے۔الفاظ کے درست تلفظ کے لیے کچھ لفظوں پر زور دینے کی ضرورت پڑتی ہے۔ وہ لفظ کون سے ہیں اور ان کی درست ادائیگی کیسے ممکن ہے، اس حوالے سے کسی اچھے انگلش اسپیکر یا انٹرنیٹ کی مدد لی جاسکتی ہے۔

آئینے کے سامنے مشق کرنا

لفظوں کے تلفظ کو درست کرنے کا بہترین طریقہ شیشے کے سامنے لفظوں کی ادائیگی کی مشق ہے۔ اگر آپ کو کسی دوسرے شخص کے سامنے انگریزی بولنے سے خوف آتا ہے یا غلط لفظوں کی ادائیگی کا خوف ہے تو آپ کے لیے انگریزی سیکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ آئینے کے سامنے کھڑے ہوکر انگریزی بولنے کی مشق کریں۔

آئینے کے سامنے آپ کو کسی کا خوف یا غلط بولنے پر شرمندہ ہونے کا خوف نہیں ہوگا۔ جب آپ اکیلے آئینے کے سامنے مشق کریں تو اپنے کانوں کے ساتھ ہونٹوں پر بھی توجہ دیں اور غور کریں کہ لفظوں کی ادائیگی کے دوران وہ کس طرح حرکت کرتے ہیں۔ اس طرح آپ کو اپنے اندر موجود خامی دور کرنے میں مدد ملے گی اور آپ ایک اچھے انگلش اسپیکر بن جائیں گے۔

تازہ ترین