• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری کامیابی اور شہرت کی وجہ مانی ہیں، حرا مانی

حرا نے اپنی کامیابی کی وجہ مانی کو قرار دے دیا


معروف اداکارہ حرامانی کا کہنا ہے کہ اُن کی کامیابی اور شہرت کی وجہ اُن کے شوہر مانی ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ حرا مانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کو اپنی کامیابی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’وہ آج جو کچھ بھی ہیں اپنے شوہر مانی کی وجہ سے ہیں۔‘


حرا مانی نےکہا کہ ’میں نے ایک اشتہار دیکھا جس میں ایک لڑکی ٹائر تبدیل کر رہی ہوتی ہے۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے کبھی ٹائر تو بدلا نہیں لیکن وہ اشتہار دیکھ کر مجھے اپنی زندگی کا ایک دور یاد آگیا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’یہ وہ دور ہے جب آج سے گیارہ سال قبل میں صرف ایک عام سی لڑکی تھی اور میری شادی ایک مشہور شخصیت یعنی مانی سے ہوئی اور اُس وقت مجھے صرف مانی کی بیوی کی حیثیت سے جانا جاتا تھا۔‘

میری کامیابی اور شہرت کی وجہ مانی ہیں، حرا مانی
حرا اور مانی کی شادی کی تصویر

اُنہوں نے کہا کہ ’اُسی زمانے میں مجھے ایک شو کی آفر ہوئی تھی تو میں بہت ڈر گئی تھی اور سوچ میں پڑگئی تھی کہ میں یہ کر بھی پاؤں گی یا نہیں کیونکہ اُس وقت میرا بڑا بیٹا مزمل بھی تھا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں یہاں اپنے شوہر مانی کی جتنی تعریف کروں اُتنی کم ہے کیونکہ مانی نے مجھے یقین دِلایا تھا کہ حرا کوئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا ہےاور تم سب کر سکتی ہو۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے آج جتنی بھی شہرت اور کامیابی ملی ہے وہ صرف اور صرف مانی کی وجہ سے ملی ہے کیونکہ مانی نے میرے اندر وہ اعتماد پیدا کیا جس سے مجھے اِس بات کا یقین ہوا کہ ہاں میں کچھ ہوں۔‘

میری کامیابی اور شہرت کی وجہ مانی ہیں، حرا مانی
حرا مانی کی فیملی

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ہر مرد کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ اپنی ماں، بہن اور بیوی میں یہ اعتماد پیدا کرے کہ ہاں وہ سب کچھ کر سکتی ہیں اور جب وہ محسوس کرتی ہیں ہاں وہ کچھ ہیں تو پھر وہ سب کچھ کرکے دِکھا تی ہیں۔‘

حرا مانی نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ہماری زندگی میں کسی بھی ایسے شخص کا ہونا بہت ضروری ہے جو ہماری صلاحیتوں کو، ہماری طاقت کو بڑھانے میں مدد کرے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میری زندگی میں ایسا شخص مانی ہے جو مجھے ہر دن کہتا ہے کہ حرا اپنے آپ پر تھوڑا بھروسہ کرنا تو لازمی ہے۔‘

واضح رہے کہ حرا اور مانی کی شادی 2008 میں ہوئی تھی اُس وقت حرا کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں تھا جبکہ مانی اُس وقت شوبز انڈسٹری کے جانے مانے فنکاروں میں شمار ہوتے تھے۔

تازہ ترین