• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کے گھر کے ایک کمرے کا کرایہ کتنا ہے؟

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات مداحوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر فعال نظر آتی ہیں۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھی  ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’AskSRK‘ کا ایک سیشن رکھا جس میں دنیا بھر سے ان کے مداحوں نے اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے سوالات کئے ۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں شاہ رخ خان نے اس سیشن کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا مجھ سے صرف 20 سوالات پوچھیں کیونکہ اس کے بعد مجھے’شیو‘ کرنے  بھی جانا ہے۔

اس  سیشن میں انہوں نے مداحوں کے سوالوں کے دلچسپ جوابات دیئے۔

شاہ رخ خان کا ممبئی میں موجود خوبصورت اور عالیشان گھر ہمیشہ سے صرف مداحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے تاہم اس سیشن میں مداح ان کے بنگلے ’منت‘ سے متعلق سوال کرنا نہ بھولے۔

ایک صارف نے شاہ رخ خان سے پوچھا کہ منت میں ایک کمرہ کرائے پر چاہئے، کتنے کا پڑے گا؟

اس کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے بالی ووڈ میں اپنی 30 سالہ کیرئیر کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’30 سال کی محنت میں پڑے گا۔‘

خیال رہے کہ کنگ خان نے اپنے گھر کو 'منت' کا نام دیا ہے، جو ان کے مطابق واقعی ان کی منت ہی ہے، کیونکہ کیریئر کے آغاز میں شاہ رخ خان نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ ایک دن وہ ممبئی میں ایسا گھر بنائیں گے جو بےحد شاندار ہوگا۔

شاہ رخ خان نے 1995 میں اس بنگلے کو 15 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تاہم آج اس کی مالیت تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔

سوالوں کا سلسلہ آگے بڑھا تو ایک صارف نے پوچھا کہ ان کو  دہلی کی کیا چیز یاد آتی ہے تو انہوں نے جواب دیا ’سردی‘۔

ایک صارف نے ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے پوچھا کہ ’تمام ہی فلمیں فلاپ جا رہی ہیں؟‘

کنگ خان نے جواب دیا کہ ’بس آپ دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

مذکورہ سیشن کے دوران شاہ رخ خان نے ایک نوجوان مداح کو ہیلمٹ پہننے کا مشورہ بھی دے دیا۔

شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے ابرام سے زندگی کا یہ سبق سیکھا ہے کہ جب آپ ناراض ہوں تو اپنا پسندیدہ ویڈیو گیم کھیلتے ہوئے تھوڑا سا رو لیں۔

اپنے اگلے پروجیکٹ کے حوالے سے شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی نئی فلم کا خود اعلان کریں گے۔

آخر میں انہوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ اب انہیں جانا ہے، سب سے بات کرکے انہیں اچھا لگا، جسے جواب نہیں ملا انشاءاللہ وہ اسے اگلی بار دیں گے۔

تازہ ترین