• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک مشہور قول ہے، ’’پہلا تاثر ہی آخری ہوتا ہے‘‘۔ یہ بات انسا ن کی شخصیت کے ساتھ ساتھ مختلف اشیائے زندگی سے بھی منسلک ہے۔ مثال کے طور پر اگر غور کیا جائے تو گھر کی داخلی راہداری پر بھی یہ بات لاگو ہوتی ہےکیونکہ یہ گھر کا وہ حصہ ہے جہاں سے آپ اور آپ کے مہمان گھر میں داخل ہوتے ہیں۔ انگریزی میں اسے اینٹروے (Enterway) یا اینٹرنس کہا جاتا ہے۔ 

ماضی میں عبوری جگہوں مثلاً سیڑھی، راہداری یا گزرگاہ کو گھر کی سجاوٹ کے دوران نظرانداز کردیا جاتا تھا، تاہم اب خوبصورت اور جدید طرزِ تعمیر والے گھروں میں داخلی راہداری کو بھی کافی اہمیت دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گھرکی آرائش کرتے وقت اب داخلی راہداری کی سجاوٹ پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ اس جگہ کی سجاوٹ جتنی خوبصورت اور منظم طریقے سے کی جائے گئی اتنا ہی مہمان آپ کے ذوق سے متاثر ہوں گے۔

کہا جاتا ہے کہ اینٹروے ٹیبل سجا نا ایک آرٹ ہے، تاہم ترتیب وار انداز میں سجی ٹیبل چاہے گھر کے کسی بھی حصے میں ہو، وہ آرٹ کے ساتھ ساتھ خواتین کےسلیقے اور پسند کی عکاسی کرتی ہے۔ آئیے آج اینٹروے ٹیبل کی آرائش و سجاوٹ کے حوالے سے کچھ بات کرتے ہیں۔

مرر آرٹ ڈیکو ٹیبل

سجاوٹ کے ویسے تو مختلف طریقے ہیں لیکن اس کے لیے شیشوں کے استعمال کو خاصی اہمیت دی جاتی ہے۔ آپ کے گھر کی داخلی راہداری کے لیے جدید اور مختلف ڈیزائن والی مرر آرٹ ڈیکو ٹیبل کا انتخاب اس حصے کو چار چاند لگا دے گا۔ جدید سجاوٹی ٹرینڈز کے پیش نظر داخلی حصے کے لیے لکڑی اور اسٹیل کے بجائے اس طرح کی کونسول ٹیبل کا انتخاب بہتر رہتا ہے۔ ٹیبل پر سجاوٹ کے لیے شیشے یا چاندی کی ایک سے دو آرائشی اشیا (ڈیکوریشن پیسز) بھی کافی رہیں گے۔ 

ڈیکوریشن پیسز ٹیبل کی ایک جانب جبکہ دوسرے رخ پر ایک سے دو تصوریری فریم بھی رکھے جاسکتے ہیں۔ شیشے کی میز چونکہ انگلیاں لگنے سے بھی گندی محسوس ہوتی ہے، تو اس کے لیے آپ ایک اچھے معیار کی ٹرانسپیرنٹ شیٹ بھی بچھا سکتے ہیں۔ سجاوٹ یہی ختم نہیں ہوتی، اینٹرنس ٹیبل کے عین اوپر جیومیٹریکل طرزپر بنے گولڈ اور سلور رنگوں سے مزین شیشے کی تنصیب کے بغیر اینٹروے ٹیبل کی آرائش کا یہ ٹرینڈ ادھورا سمجھا جاتا ہے ۔

اینٹیک اٹالین ماربل ٹیبل

اینٹروے ٹیبل کے لیے ماربل ٹیبل کا انتخاب بہت ہی کم گھروں میں دیکھا گیا ہے۔ جدید طرزِ سجاوٹ کا یہ منفرد ڈیزائن اٹلی کے انٹیریئر ڈیزائنرز کا اخذ کردہ ہے۔ اگر آپ بھی اپنے گھر کی داخلی راہداری کو بالکل منفرد دیکھنے کے خواہشمند ہیں تو اس حصے میں یا سیڑھیوں کے نچلے رخ ماربل کی ایک سلیٹ دیوار میں نصب کروائیں۔ 

عام طور پر یہ سلیٹ گھر کی تعمیر کے وقت ہی دیوار میں نصب کروائی جاتی ہے۔ ماربل سلیٹ کو ٹیبل کا لُک دینے کےلیے نچلے حصے میںلوہے یا اسٹیل کا اسٹینڈ بھی بنوایا جاسکتا ہے۔ٹیبل کی سجاوٹ کے لیے خوبصورت لیمپ، چھوٹے انڈور پلانٹس اور چند کتابیں بہترین رہیں گی۔

کلاسیکل ٹیبل

اگر آپ اینٹرنس ٹیبل کی سجاوٹ و آرائش میں کچھ کلاسیکل انداز دیکھنے کے خواہشمند ہیں توسیاہ رنگ کی لکڑی سے تیار کی گئی سادہ سی کونسول ٹیبل کا انتخاب کیجیے۔ اس حوالے سےمستطیل طرز کا ڈیزائن پوری دنیا میں مشہور ہے، اس ٹیبل کو آپ سیڑھیوں کے نچلے حصے میں بھی رکھ سکتے ہیں۔ ٹیبل سجانے کے لیے ہلکے وزن کی لکڑی کے فریم میں نصب شیشہ، دو عدد چھوٹے شیشے والے گلدان، ایک لکڑی سے بنا گلدان اور پکچر فریم کا انتخاب زبردست رہے گا ۔

سبزے کے ساتھ اسٹوریج

اگر آپ کے گھر میں اسٹوریج کی جگہوں کی کمی ہے تو اینٹروے ٹیبل کے لیے ایسی ٹیبل کا انتخاب کیا جاسکتا ہے جس کا نچلا حصہ اسٹوریج کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔ آپ کو جتنی زیادہ اسٹوریج کی ضرورت ہو، اس حساب سے اتنی ہی بڑی ٹیبل کا انتخاب کیجیے۔ 

ٹیبل کی سجاوٹ کے لیے شیشے کے انتخاب کے بجائے چھوٹے سائز والے وال میورلز اور وال ڈیکوریشن پیسز کا انتخاب زیادہ بہترین رہتا ہے۔ ٹیبل کی سجاوٹ کو نیا انداز دینے کے لیے ٹیبل کے برابر میں بڑے سائز کے انڈور پلانٹس خوبصورت منظر پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں سال انڈور پلانٹس میں اولیو ٹری سجاوٹی ٹرینڈ کا حصہ رہے گا۔

گہری رنگ کی اسکیم

گہرے رنگ آپ کے داخلی حصے کو کشادہ اور واضح دکھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تو کیوں نہ داخلی راہداری میں رکھی جانے والی ٹیبل کی آرائش و سجاوٹ کے لیے گہری اسکیم کا انتخاب کیا جائے۔ داخلی دیوار کے لیے گہرے رنگ کے وال پیپر کا انتخاب کیجیے جبکہ کونسول ٹیبل کے خریدتے وقت سیاہ اور سنہری رنگ سے مزین آئرن کونسول ٹیبل کا انتخاب کریں۔ 

اس حصے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے گولڈن رنگ کے ڈیکوریشن پیسز کے ساتھ ساتھ سیاہ اور سنہرے رنگ سے مزین گولائی میں تیار کیے گئے مرر پیس رکھیں۔ آپ کے اہل خانہ اور مہمان آپ کے جمالیاتی ذوق کی داد دیں گے۔

تازہ ترین