• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: فیس بک پر تاجروں کو بلیک میل کرنے والے بھارتی ایجنٹس کا انکشاف

فرانس میں مقیم معروف تاجروں اور کاروباری شخصیات کو جعلی فیس بک آئی ڈی کے ذریعے بلیک میل کرنے والوں کے خلاف تحقیق کرنے پر سائبر کرائم ادارے کو پتہ چلاکہ جھوٹی باتیں لکھ کر پھیلانے والا منظم گروہ انڈین ایجنٹس ہیں جو ان شخصیات کے خلاف پراپیگنڈ کرتے ہیں جو کشمیر کاز کےلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے علاوہ پاکستان کا نام روشن کرنے کےلئے سرگرم عمل رہتے ہیں۔

یورپی یونین کے ادارے کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے  کہ پاکستانیوں کے خلاف جعلی آئی ڈی پر جھوٹی خبریں پھیلانے والا منظم گروہ انڈین ایجنٹ ہے، اس کے لئے یورپی یونین میں فیک نیوز سے متعلق کام کرنے والے تحقیقی ادارے  ’ای یو ڈس انفو لیب‘  نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی مدد سے کام کرنے  والا ایک  منظم گروہ ہر سال اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اجلاس کے دوران پاکستان مخالف مہم بھی چلاتا ہے۔

تحقیقی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان تنظیموں کا تعلق بھارت کے غیرمعروف کاروباری ادارے ’سری واستوا گروپ‘ سے جاملتا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں 250 سے زائد فیک ویب سائٹس سامنے آئے  ہیں جو پرانے اور غیر فعال یا جعلی نام کے اخبارات سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد خبریں پھیلاتی ہیں۔

تحقیقی رپورٹ کے مطابق اس نیٹ ورک میں غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) اور ان سے منسلک شخصیات اور تمام جعلی خبروں کی ویب سائٹس شامل ہیں۔ جبکہ یہ بات واضح ہے کہ اس پورے نیٹ ورک کا مقصد بھارتی بیانیے کو فروغ دینا اور پاکستانی بیانیے پر تنقید اور اسے غلط ثابت کرنا  ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال نومبر میں ’ای یو ڈس انفو لیب‘ نے انکشاف کیا تھا کہ دنیا کے 65 سے زائد ممالک میں 260 سے زائد ایسی جعلی خبروں کی ویب سائٹس چلائی جا رہی ہیں جو بھارت کے مفاد میں یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر اثر انداز ہونے کے لیے بنائی گئی ہیں اور پاکستان پر تنقید کرنا ان کا ایجنڈا ہے۔

تازہ ترین