• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
17 Killed In Drone Attack In Afghan Province
افغانستان کے صوبے پکتیکا میں امریکی ڈرون حملوں میں 17 شہری جاں بحق ہوگئے ۔ افغان میڈیا کے مطابق حملے گومل ضلع کےعلاقے نعمت آباد میں کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں ایک قبائلی سردار بھی شامل ہے، نعمت اللہ بابری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملے2روزقبل کیے گئے تھے۔

انہوںنے بتایا کہ پہلے حملے میں ایک جیپ کو نشانہ بنایا گیا جس میں قبائلی سردار حاجی روز الدین اپنے ساتھیوں اور رشتہ داروں کے ہمراہ سوار تھے، اِس حملے میں حاجی روز الدین سمیت 12 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

نعمت اللہ بابری نے کہاکہ مزید دونوںحملوں میں ایک مکان کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا جوحاجی روزالدین پر کیے گئے حملے کے مقام کے قریب ہی واقع ہے، اِس حملے میں 5شہری جاں بحق ہوئے۔

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ تمام ہلاک شدگان عام شہری تھے لیکن علاقائی پولیس، کابل سکیورٹی اہلکار اور غیرملکی افواج کی جانب سے واضح کیا گیا کہ یہ تمام لوگ عسکریت پسند تھے۔

دوسری جانب پکتیکا صوبے کی پولیس کےجنرل زوار زاہد نے بتایا کہ اِن حملوں میں کوئی شہری نہیں مارا گیا اور تمام ہلاک ہونے والے عسکریت پسند تھے۔ جنرل زاہد نے قبائلی سردار حاجی روز الدین کی ہلاکت پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

اسی طرح کابل میں امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اْن کے پاس بھی کسی شہری کے مارے جانے کی مقامی سطح سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
تازہ ترین