• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کراچی پہنچ گئے، پاناما کمیشن زیر غور آنے کاا مکان

Cj Reaches Karachi Panama Investigative Commission Matter To Be Looked In Today
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی استنبول میں ترکی کے آئین کی سالانہ تقریب میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں فرائص سرانجام دیں گے ۔

جس میں پاناما لیکس پر وفاقی حکومت کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن کا معاملہ بھی زیر غور آنے کاا مکان ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی جمعہ کی شب 12.45پر کراچی ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ اپنی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اگلے دوروز تک کراچی ہی میں قیام کریں گے اور اتوار کی شب کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اپنے فرائص سرانجام دیں گے۔

جہاں اس بات کا امکان ہے کہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی وفاقی حکومت کی جانب سے پاناما لیکس پر تحقیقات کے لیے بنائے جانے والے کمیشن کے لیے لکھے گئے خط کا جائزہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس گلزار احمد، جسٹس مقبول باقر کراچی ہی میں موجود ہیں، جبکہ قائم مقام چیف جسٹس میاں ثاقب نثارپیر سے کراچی آرہے ہیں جہاں ان کی سربراہی میں 3رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔

جس سے یہ امکان ظاہرکیا جا رہاہے کہ چیف جسٹس انور ظییر جمالی کراچی میں اپنی موجودگی کے دوران کمیشن سے متعلق فیصلہ جاری کر سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول کے مطابق چیف جسٹس اتوار کی شب اسلام آبا د کے لیے روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی 23اپریل کو ترکی کے لیے روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے استنبول میں ترکی کے آئین کی سالانہ تقریب میں شرکت کی تھی۔
تازہ ترین