• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: مسلم طالبہ کو حجاب پہننے کی اجازت نہیں ملی

Citadel In Charleston South Carolina Not Allowed Woman Student To Wear Hijab
امریکہ کے ایک فوجی کالج میں مسلم طالبہ کو حجاب پہننے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کردی گئی ، اور واضح کردیا ہے کہ خاتون طالبہ کو اسکی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکا میں مسلمانوں کے حقوق کا دفاع کرنے والی ایک تنظیم نے بتایا ہے کہ جنوبی کیرولینا کے’’دی اسٹاڈل‘‘فوجی کالج نے مسلمان طالبہ کو آگاہ کیا ہے کہ اگر وہ خریف کے سمسٹر میں تدریسی عمل میں شریک ہوتی ہے تو اسے یونیفارم کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فوجی کالج کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی شخص کے لیے مذہبی نظریات کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے تاہم یکساں یونیفارم کی حد تک استثنا نہیں دیا جانا چاہیے جو کالج کی ثقافت کا بنیادی حصہ ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن میں کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنزکے ترجمان ابراہیم ہوبر کا کہنا ہے کہ مسلمان طالبات مذہبی طور پر مناسب یونیفارم کے بغیر پڑھائی شروع کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طالبہ کو کالج میں داخلے سے محروم کیے جانے کے بعد کونسل اس حوالے سے قانونی اختیارات پر غور کررہی ہے۔یاد رہے کہ فوجی کالج 1842 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے شہر چارلسٹن میں واقع ایک سرکاری فوجی کالج ہے۔
تازہ ترین