• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: 69ویں کانز فلم فیسٹیول کی رعنائیاں عروج پر

69th Cannes Film Festival Celebrations Are On The Rise
دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کی رعنائیاں عروج پر ہیں جس میں بالی ووڈ اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن نے بھی ریڈ کارپٹ پر خوب جلوے بکھیرے۔

بیالیس سالہ ایشوریا کو کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کرتے 15سال بیت گئے ہیں تاہم اب بھی ریڈ کارپٹ پر پہنچتے ہی ایشوریا توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں۔

جھیل سی آنکھوں پر نیلے رنگ کے آئی شیڈ اورچہرے پر دلفریب مسکراہٹ سجائے مغربی انداز کے سنہرے لباس اور ٹیل اسٹائل کے گاؤن میں ملبوس ایشوریا نے ریڈ کارپٹ پر پہنچ کر فوٹو گرافروں کو جی بھر کر پوز دئیے اور تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

69ویں سالانہ کانزانٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں فلم سلیک بے، کیفے سوسائٹی ،سیرینویڈا،ما لاؤٹ کا پریمیئر بھی منعقد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے شامل ان فلموں کی کاسٹ نے شرکت کی ۔

11مئی سے 21مئی تک جاری رہنے والے کانز فلم فیسٹیول میں کل 21فلموں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے جس میں ہر روز کسی نہ کسی فلم کا پریمیئر ہوگا اور اس کی فلم اسٹار کاسٹ اپنے مداحوں کے سامنے ہوگی۔

دس دن تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں اداکاروں، ہدایت کاروں اور موسیقاروں سمیت فلمز سے جڑے دیگر افراد بھی شریک ہوں گے جبکہ بہترین کام کرنے والے فنکاروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔

پیرس میں فلم فیسٹیول کے موقعے پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ اداکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
تازہ ترین